ٹوپی میں بجلی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ٹوپی میں بجلی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

  

صوابی(بیورورپورٹ)رائیٹ بینک تر بیلہ ڈیم کے فیڈر میں دو روز سے جاری فنی خرابی کی وجہ سے گرمی کے ستائے ہوئے لوگ چیخیں مار کر گھروں سے نکل آگئے اور تر بیلہ ڈیم ٹوپی روڈ کو بطور احتجاج بند رکھا۔پیر کی صبح سے فنی خرابی کی وجہ سے ٹوپی سمیت آٹھ فیڈرز بند رہے جس کی وجہ سے ٹوپی شہر کے علاوہ بٹاکڑ، کوٹھا، فونٹیا، ہملٹ، مینئی و دیگر علاقوں میں مسلسل بجلی بند رہی۔رائیٹ بینک تربیلہ ڈیم کے فیڈر میں پچاس سال پرانے نصب پینل کی وجہ سے بجلی کی سپلائی منقطع رہی ٹوپی کے شہریوں نے منگل کے روز شدید احتجاج کیا جس پر واپڈا حکام نے پرانے پینل کو تبدیل کر نے کے لئے نیا پینل طلب کر لیا جس کے لگانے سے بجلی کی سپلائی بحال ہو جائے گی۔اے سی ٹوپی مہران خان، ایس ایچ او ٹوپی نیاز علی خان اور دیگر حکام موقع پر پہنچ کر مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے اور ان کی یقین دہانی پر روڈ بلاک کر ختم کر دیا بعد ازاں ایس ڈی او واپڈا، ٹوپی و دیگر حکام کے ہمراہ عمائدین علاقہ نے رائیٹ بینک تر بیلہ ڈیم گرڈ اسٹیشن کا دورہ کیا اس دوران ان کو بتایا گیا کہ چونکہ گرڈ اسٹیشن میں پینل پچاس سال سے نصب چلا آرہا ہے جس کی وجہ سے پورا سسٹم بند رہا انہوں نے کہا کہ اگر پینل کو سیاسی اعلانات کے مطابق بر وقت تبدیل کیا جاتا توگرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی پیدا نہ ہو تی۔ عوامی احتجاج پر اعلی حکام نے نیا پینل طلب کر لیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -