ڈیرہ،کافی تعداد میں Covid-19کے ٹیسٹ مثبت آنے کا سلسلہ جاری

ڈیرہ،کافی تعداد میں Covid-19کے ٹیسٹ مثبت آنے کا سلسلہ جاری

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ملک کے دیگر حصوں کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی کافی تعداد میں Covid-19کے ٹیسٹ مثبت آنے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ ہفتے کے دوران رپورٹ ہونے والے مثبت کیسز سے متعلق محکمہ صحت سے مشاورت کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مجموعی طور پر 19ہوم کوارنٹائن اور دو افراد کو مفتی محمود میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں قائم آئسولیشن میں منتقل کر کے ان کے گھرکے افراد کو فوری طور پر ہوم کوارنٹائن کر دیا ہے۔ان اقدامات کا فیصلہ بہتر عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کو ہوم کوارنٹائن والے علاقوں کی نگرانی سمیت اشیا خوردونوش کی فراہمی اور تمام ریکارڈ کو مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ہے جبکہ حفاظتی طریقہ کار پرمکمل عملدرآد کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ مال اور محکمہ تعلیم کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو ہدایت کی کہ مذکورہ علاقوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دے کر اس پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے۔محکمہ صحت کی جانب سے ریپڈ رسپانس ٹیمیں ان علاقوں میں تسلسل کے ساتھ دورہ کریں گی جبکہ دیگر اہلکار بھی تعینات رہیں گے تاکہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ان علاقوں میں ضروری ادویات کی فراہمی سمیت مثبت کیسز کی کنٹیکٹ ٹریسنگ بھی سرانجام دے سکیں۔ٹی ایم اے اور ڈبلیو ایس ایس سی کے اہلکار مذکورہ گھروں سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے روز مرہ کی صفائی ستھرائی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -