پشاور،مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر 31 ٹرانسپورٹرز چالان

پشاور،مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر 31 ٹرانسپورٹرز چالان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے مسافروں سے زیادہ کرایہ لینے پر گزشتہ ہفتے 31 ٹرانسپورٹروں کو چالان کیا تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر شہر کے مختلف سیکٹروں میں کی جانیوالی ناکہ بندیوں پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی دی جاتی ہے اور باقاعدہ ان میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے جاتے ہیں تاکہ دنیا بھر کی طرح ملک میں پھیلی جانیوالی وبا پر قابو پایا جا سکے۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے ناکہ بندیوں سے گزرنیوالی گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں سے کرایوں بارے آگاہی حاصل کی گئی جس میں زیادہ کرایہ وصول کرنے پر 31 ٹرانسپورٹروں کا چالان کیا گیا۔ ایس ایس پی ٹریفک نے کہا ہے کہ کسی کو خلاف قانون کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ حکومت اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ نامہ پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی اے کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کیلئے مناسب کرایہ نامہ مقرر کیا جاتا ہے جس سے مسافر اور ٹرانسپورٹرز دونوں مستفید ہوتے ہیں اس کے باوجود مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے کسی قسم کے رعایت کے مستحق نہیں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔