عازمین کا طبی معائنہ ہو گا، حجاج کی تعداد 10ہزار سے زائد نہیں ہو گی، سعودی حکومت کا اعلان

عازمین کا طبی معائنہ ہو گا، حجاج کی تعداد 10ہزار سے زائد نہیں ہو گی، سعودی ...

  

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ رواں سال عازمین حج کو حج کے بعد قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ امسال عازمین حج کو حج کے بعد ایک خاص عرصے تک گھروں میں محدود رہنا ہوگا۔وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں سعودی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حج پر جانے سے پہلے عازمین کا مکمل طبی معائنہ ہوگا نیز حج کے بعد انہیں خود کو گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال 65 سال سے کم عمر افراد کے علاوہ ان لوگوں کو حج پر جانے کی اجازت ہوگی جو مستقل بیماریوں سے محفوظ ہیں۔ وبائی امراض سے پاک حج موسم کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ اس سے پہلے حج کو وبائی امراض سے پاک رکھنے کے لیے ہمارے پاس طویل تجربہ ہے۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حج موسم کے لیے وزارت نے سخت صحت منصوبہ بنایا ہے جس پر مکمل طور پر عمل ہوگا۔ امسال مشاعر مقدسہ میں کام کرنے والے تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ ہوگا نیز حج کے ایام کے دوران بھی وہاں موجود تمام افراد کا معائنہ ہوتا رہے گا۔ان کا کہنا تا کہ وبائی امراض کے انسداد کیلئے ایک ہسپتال صرف کورونا کے لیے مختص ہوگا جسے تمام سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔دوسری طرف وزیر حج وعمرہ نے کہا ہے کہ امسال حج کے لیے مختلف منصوبہ بنایا ہے، ہم محفوظ حج موسم کو یقینی بنائیں گے۔ بیرون ملک سے کسی بھی حاجی کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس میں کسی صورت استثنیٰ نہیں ہے۔وزیر حج نے کہا ہے کہ اس سال انتہائی محدود تعداد میں عازمین کو حج کی اجازت ہوگی، محتاط اندازے کے مطابق حجاج کی کل تعداد 10 ہزار سے زیادہ نہیں ہوگی۔ سعودی عرب میں کام کرنے والی سفارتی مشنز کے عازمین کو حج کی اجازت دینے کے لیے مختلف سفارتخانوں سے تال میل ہوگا۔

حج

اسلام آباد(آئی این پی)رواں سال حج کے سلسلے میں سعودی عرب نے پاکستان سے رابطہ کر کے محدود حج کے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے رواں سال محدود حج کے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر صالح بن بنتن نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ رواں سال صرف سعودی شہری اور اقامہ ہولڈرز ہی حج ادا کریں گے۔ نیزکرونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کر لی۔دریں اثنا، وزارتِ مذہبی امور نے نئی صورت حال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا، ترجمان مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں امسال سفیر اور سفارتی عملہ حج میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ٹیلی فون

مزید :

صفحہ اول -