محکمہ بلدیات کورونا وائرس کیخلاف پہلے دن سے ہی فرنٹ لائن پر موجود ہے: کامران بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کورونا وائرس کے خلاف پہلے ہی دن سے فرنٹ لائن پر موجود ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر چترال سے لے کر وزیرستان تک سینکڑوں سرگرمیاں سرانجام دی جا رہی ہیں۔ جبکہ ہسپتال سے لے کر عوامی مقامات تک محکمہ بلدیات کے ملازمین عوامی خدمات میں مصروف عمل ہیں۔ محکمہ بلدیات کی جانب سے 16 مارچ سے21 جون تک کورونا سے نمٹنے کی سرگرمیوں کی رپورٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ صوبے کے سات ڈویژنز میں مجموعی طور پر93553 کورونا سے متعلق سرگرمیاں کی گئیں۔تحصیل میونسپل انتظامیہ64693 واٹر اینڈ سینیٹیشن کمپنیز 22153، ڈیولپمنٹ اتھارٹیز نے 5915 سرگرمیاں سرانجام دیں۔ جبکہ اسسٹنٹ لوکل گورنمنٹ دفاتر نے 842 جبکہ ویلج کونسل انتظامیہ نے 880963 سرگرمیاں سرانجام دیں۔صحت و صفائی اور نکاسی آب کے متعلق معاون بلدیات نے کہا کہ سب سے زیادہ صحت و صفائی کی مد میں سرگرمیاں انجام دی گئیں۔15570 سرگرمیاں مساجد، عمارات اور دیگر پبلک مقامات کو جراثیم کش اسپرے سے متعلق ہوئیں۔11613 سرگرمیاں عوامی مقامات پر ہاتھ دھونے کی سہولت کے متعلق تھیں۔مزید تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ 9976 سرگرمیاں عوامی گزرگاہوں اور سڑکوں پر جراثیم کش اسپرے کے متعلق تھیں۔ جبکہ بس ٹرمینلز، سبزی منڈی، پانی کی فراہمی سمیت دیگر امور میں بھی سرگرمیاں عمل میں لائی گئیں۔ تحصیل میونسپل انتظامیہ کی سطح پر سب سے زیادہ سرگرمیاں ملاکنڈ اور مردان ڈویڑن کی سطح پر ہوئیں۔ملاکنڈ میں 16828 جبکہ مردان میں 16757 سرگرمیاں بالترتیب ٹی ایم ایز کی جانب سے کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بلدیات کل بھی اور آج بھی کورونا کے خلاف متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں محکمہ بلدیات کے ملازمین کو24 گھنٹے متحرک رکھا گیا ہے۔