سندھ میں کورونا ٹیسٹ مفت ہو رہے ہیں، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کورونا ٹیسٹ مفت میں کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مارننگ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا کہ نجی ہسپتال کورونا ٹیسٹنگ فیس 8 ہزار روپے تک لے رہے ہیں، جبکہ سندھ حکومت یہ ٹیسٹ مفت میں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ اکتوبر تک کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس وجہ سے ہم آئی سی یو اور ہائی ڈپینڈینسی یونٹ کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں۔عذراپیچوہو نے بتایا کہ سندھ حکومت علاج معالجے کے لیے صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے کام کررہی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے نئے 3 ہزار 892 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس موذی وبا کے ہاتھوں مزید 60 افراد لقمہ اجل بن گئے۔