پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا مقابلہ کب تک متوقع ہے؟ مجوزہ شیڈول سامنے آ گیا، تمام تفصیلات جانئے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا مقابلہ کب تک متوقع ہے؟ مجوزہ شیڈول سامنے ...
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا مقابلہ کب تک متوقع ہے؟ مجوزہ شیڈول سامنے آ گیا، تمام تفصیلات جانئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کے سائے میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا مقابلہ 5 اگست کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان ٹیم کا مجوزہ شیڈول سامنے آ گیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے، ایک غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق28 جولائی کو لاہور سے چارٹرڈ طیارے میں سوار ہوکر انگلینڈ روانہ ہونے والا پاکستانی سکواڈ مانچسٹر آمد کے بعد ڈربی شائر پہنچے گا جہاں دوسرے روز ہی کورونا ٹیسٹ لئے جائیں گے اور تمام کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رہتے ہوئے ٹریننگ کی اجازت بھی ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈاکٹر سہیل سلیم بائیو سیکیور ماحول میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہیں گے، قرنطینہ کے 14 روز میں ٹریننگ بھی جاری رہے گی جس کے بعد باقاعدہ پریکٹس کا آغاز ہو گا اور مہمان کرکٹرز آپس میں میچز بھی کھیلیں گے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ 5سے 9اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 13سے 17اگست تک ساﺅتھمپٹن کے ایجز باﺅل سٹیڈیم میں ہو گا، تیسرا ٹیسٹ بھی 21سے 25 اگست تک اسی وینیو پر شیڈول ہے جبکہ تینوں ٹی 20بھی ساؤتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے ، پہلا میچ 29، دوسرا 31اگست اور تیسرا 2 ستمبر کو ہو گا۔ یوں صرف 2 وینیوز پر ہی دونوں فارمیٹ کے مجموعی طور پر 6 میچز کھیلنے کے بعد قومی کرکٹرز اور معاون سٹاف کے ارکان وطن واپس آ جائیں گے۔

پاکستان آمد پر کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رکھنے یا گھر جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ اس وقت کی حکومتی پالیسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا، شعیب ملک کو فیملی سے ملاقات کیلئے 24 جولائی کو سکواڈ میں شامل ہونے کی خصوصی رعایت دی گئی ہے، ان کے سوا دیگر کھلاڑی اور آفیشلز مسلسل9 ہفتے بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے۔

مزید :

کھیل -