"ارطغرل غازی سے محبت" لاہور میں سلطنت عثمانیہ کے حکمران کے مجسمے لگ گئے

"ارطغرل غازی سے محبت" لاہور میں سلطنت عثمانیہ کے حکمران کے مجسمے لگ گئے

  

 لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کی پاکستان میں بے پناہ مقبولیت نے پاکستانیوں کو ترک ثقافت کے مزید قریب کردیا ہے۔ لاہوریوں نے تو ارطغرل غازی سے محبت میں باقیوں کو پیچھے ہی چھوڑدیا۔

لاہور کی ایک نجی ہاوسنگ سوسائٹی کےسربراہ نے خلافت عثمانیہ حکمران ارطغرل غازی کے مجسمے ہی نصب کروادیے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ترکی سے درآمد کی گئی ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ یہ کہانی دراصل اس حکمران (ارطغرل غازی) کی ہے جس نے منگولوں، کارسیڈرز اور بازنطینی حکمرانوں کو للکارا۔ 

نجی ہاوسنگ سکیم کے مالک شہزاد چیمہ کی جانب سے نصب کیے گئے دو مجسموں میں ارطغرل کو تلوار کے ساتھ گھوڑے پر بیٹھاہوا دکھایاگیاہے۔

شہزاد کے مطابق اس مجسمے کو نصب کرنے کا مقصد سلطنت عثمانیہ اور ارطغرل کے اس جہاد سے محبت کا اظہارہے جس کی بدولت مسلمانوں کو دنیا بھرمیں عزت و احترام ملا۔

پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظورکے مطابق  رمضان سےقبل شروع ہونے والی ترک  سیریز کی پاکستان ٹیلی ویژن پر نشریات نے ریٹنگ کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ لوگ اسے ترکش گیمز آف تھرون سمجھتےہیں۔

یوٹیوب پر ارطغرل غازی کی پہلی قسط کو 5کروڑ اسی لاکھ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا۔مجموعی طور پر یہ ڈرامہ اب تک 25 کروڑ سے زیادہ بار دیکھا جاچکا ہے۔

مزید :

تفریح -