9 سال بچے نے کراچی میں گاڑی چوری کرلی، جب تک پٹرول ختم نہ ہوا اُسے چلاتا رہا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں گاڑی چلانے کا شوقین 9سالہ بچہ خیابان مجاہد کے علاقے سے ایک شہری کی گاڑی لے اڑا۔ ویب سائٹ پڑھ لو کے مطابق اس بچے کا نام بلال بتایا گیا ہے جو گاڑی چلانے کا شوقین ہے اورقبل ازیں بھی کئی گاڑیاں چوری کرکے چلا چکا ہے۔ وہ گاڑی چوری کرنے کے بعد اسے تب تک چلاتا رہتا ہے جب تک اس کا پٹرول ختم نہ ہو جائے۔ پٹرول ختم ہونے پر وہ گاڑی کو وہیں چھوڑ کر چلا جاتا ہے۔
گزشتہ روز اس نے خیابان مجاہد سے ایک مہران گاڑی چوری کی اور اسے علاقے میں گھماتا رہا اور پٹرول ختم ہونے پر ایک جگہ چھوڑ کر چلا گیا۔ درخشاں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس شوقین ملزم کا سراغ لگا کر اسے پکڑ لیا لیکن پھر اس کی عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت وارننگ دے کر اسے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچے کا تعلق کراچی کی مچھر کالونی سے ہے اور وہ گاڑیوں کے علاوہ موٹرسائیکلیں بھی چوری کرکے چلاتاہے۔ وہ گاڑیوں کے لاک کھولنے میں مہارت رکھتا ہے اور چند سیکنڈ میں کار ان لاک کرلیتا ہے۔ پولیس کے مطابق اس بچے کا باپ فتح محمد منشیات کا عادی ہے۔