شادی کے دن دولہا کورونا کا شکار ہوگیا، صحت مند ہوا تو ہسپتال والوں نے جشن منانے کے اُس کے سارے ارمان پورے کردئیے

شادی کے دن دولہا کورونا کا شکار ہوگیا، صحت مند ہوا تو ہسپتال والوں نے جشن ...
شادی کے دن دولہا کورونا کا شکار ہوگیا، صحت مند ہوا تو ہسپتال والوں نے جشن منانے کے اُس کے سارے ارمان پورے کردئیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں شادی کے اگلے روز ہی کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر ہسپتال جا پہنچنے والا دولہا بالآخر صحت مندی کے بعد دولہا بن کر ہی ہسپتال سے اپنی دلہن کے ہمراہ روانہ ہو گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق مغربی بنگال کے شہر ہورا کے رہائشی 28سالہ سپریو بینرجی کی کورونا وائرس کی وباءپھیلنے سے 2ماہ قبل ایک شادی میں اپنی دلہن سے ملاقات ہوئی تھی اور دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہو گئی۔ اگلے چند ہفتوں میں محبت پروان چڑھی اور دونوں نے گھر والوں کی مخالفت کے باعث کورٹ میرج کر لی۔ ان کی شادی کے بعد دونوں کے گھر والے بھی راضی ہو گئے اور ان کی دعوت ولیمہ کا انتظام کرنا شروع کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق دعوت ولیمہ کے روز شام کو پولیس بینر جی کے گھر آئی اور اس کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ کے متعلق بتایا۔ بینرجی نے شادی سے پہلے ہی ٹیسٹ کے لیے سیمپل دے رکھا تھا اور اب اس کی رپورٹ آ گئی تھی جس میں معلوم ہوا تھا کہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہے، جس پر اسے ولیمہ کی تقریب سے سانجی بن ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں اس کا علاج کیا جاتا رہا۔ گزشتہ روز اس کا ٹیسٹ منفی آنے پر اسے ہسپتال میں ہی دولہا بنایا گیا اور اس کی دلہن عروسی جوڑے میں ہسپتال لائی گئی۔ وہاں ہسپتال کے عملے نے دونوں کو شادی کے تحائف دیئے اور گیت گائے اور انہیں ہسپتال سے یوں رخصت کیا جیسے ابھی دلہن کی رخصتی ہو رہی ہو۔ واضح رہے کہ بینرجی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس کی دلہن اور گھر والوں کے بھی ٹیسٹ کیے گئے تاہم وہ خوش قسمتی سے منفی آئے تھے۔