”مردوں کی ٹیم کی نمائندگی کروں تو اس پاکستانی کو آﺅٹ کرنا چاہوں گی“ ناہیدہ خان نے ایسا نام لے لیا کہ جان کر ہی آپ بے اختیار کہہ اٹھیں ”بہت مشکل ہے محترمہ“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ویمنز کرکٹر ناہیدہ خان نے پاکستان ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم کو آﺅٹ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز ٹیم کی باﺅلر ناہیدہ خان کا کہناہے کہ اگر میں مردوں کی نمائندگی کروں تو بابر اعظم کو آﺅٹ کرنے کی خواہش ہو گی۔ انہوں نے بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کور ڈرائیور اور پل شاٹس بھی بہت پسند ہیں۔ ناہیدہ خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ اب کافی بدل چکی ہے، خواتین کھلاڑیوں میں کائنات امتیاز میچ کیلئے میک اپ کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا کے باعث قومی ویمنز کرکٹر بھی گھر کے اندر ہی پریکٹس کرنے پر مجبور ہیں جبکہ حال ہی میں قومی ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ویمنز ٹیم کا ایشیاءکپ بھی کورونا کے باعث آئندہ سال تک کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا جس کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔