”ہم ان ذمہ داروں تک بھی پہنچ چکے ہیں جنہوں نے۔۔۔“ وفاقی وزیر ہوا بازی نے بڑا اعلان کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ انکوائری کا مقصد معاملات کی اصلاح کرنا ہے، ماضی میں ہمارے اداروں میں بے شمار کرپشن اور بے ضابطگیاں ہوئیں، بھرتیاں کرنے والے ذمہ دار کرداروں تک بھی پہنچ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ کتنے دکھ کی بات ہے کہ اداروں میں اتنی کرپشن اور بے ضابطگیاں ماضی میں ہوئیں، پھر کہا جائے گا کہ پچھلے اداور پر بات کی جا رہی ہے، پی آئی اے میں 600 افراد کی ڈگریاں ٹھیک نہیں تھیں جبکہ چار پائلٹس کی ڈگریاں بھی جعلی نکلیں۔غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ایسے تمام لوگوں کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے اور کسی بھی ایئرلائنز میں کام کرنے والے ایسے تمام پائلٹس کو گراؤنڈ کرنا ہے تاکہ وہ فلائی نہ کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے 1970ءمیں کہاں تھی اور اب کہاں ہے، خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں سیاست نہیں بلکہ بلا تفریق کارروائی ہوگی، اداروں کی تباہی کی وجہ سیاسی مداخلت تھی اور ہم نے ایک بھی کوئی سیاسی بھرتی، ٹرانسفر یا مداخلت نہیں کی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ یونینز کے لوگ ڈیوٹیاں لگاتے تھے کہ فلاں پائلٹ کینیڈا اور فلاں شکاگو جائے گا، سابق دور میں تو جہاز بھی چوری کر لیا گیا تھا، یہ معاملہ عدالت میں ہے، جو فیصلہ ہوگا اس پر عمل کریں گے۔