کوہ پیما ساجد سد پارہ کا ریسکیو ہیڈ کواٹرز کا دورہ،پرتپاک استقبال
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)گزشتہ روز معروف کوہ پیما ساجد علی سد پارہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ریسکیو ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا۔ایمرجنسی سروسزاکیڈمی پہنچنے پر سینئر ریسکیوافسران نے انکااستقبال کیا۔انہوں نے ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں جاری مختلف تربیتی کلاسوں کا مشاہدہ کیا جس میں گہرے کنوئیں سے ریسکیوکرنا،واٹر ریسکیو،فائر ریسکیو،بلندی سے ریسکیوکرنا،تیراکی وغوطہ خوری اور ڈزاسٹر مینجمنٹ شامل ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹررضوان نصیر نے ساجد علی سدپارہ کے والد معروف کوہ پیما علی سدپارہ کی کوہ پیمائی کے میدان میں خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال ریسکیو1122کی ٹیم ساجد علی سدپارہ کے ساتھ کے ٹو جائے گی۔ڈاکٹررضوان نصیر نے انہیں پاکستان میں ایمرجنسی سروسزریفارمز اور ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) کے جامع نظام کے قیام کے طویل سفر بارے آگاہ کیاا ور بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس کا آغاز14ایمبولینسوں،6ریسکیو اسٹینز اور 200 ریسکیورز کے ساتھ بطور پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے آغاز ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس اپنے اہلکاروں کی ڈزاسٹررسپانس اور ماؤنٹین ریسکیو کے حوالے سے استعدادکار میں اضافہ کیلئے کوہسارِمری میں سردیوں اور برفباری کے موسم میں خصوصی تربیتی کورس چلاتی ہے۔