فائنل میں بغیر پریشر کے میدان میں اترینگے، وہاب ریاض
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے اور اب فائنل میں بغیر کوئی پریشر کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔ابو ظہبی سے ورچوئل پریس کانفرنس میں تجربہ کار فاسٹ بولر نے کہا کہ میچ جیتیں یا ہاریں، انفرادی طور پر کس کو تعریف اور تنقید کا نشانہ نہیں بناتے، ہمیشہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، یہ ہی ہماری اب تک کی کامیابی کا راز رہا ہے۔ حیدر علی کو اب بھی میچ ونر قرار دیتا ہوں، بدقسمتی سے اس کی فارم اچھی نہیں چل رہی، ایسا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے، ہم اس کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے اور اب فائنل میں بغیر کوئی پریشر کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم بہت خطرناک اور ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن جتنا میچ کو انجوائے کریں گے اتنا ہی جیتنے کا چانس زیادہ ہوگا۔ دو دن سے ٹھیک طرح سے سو نہیں پایا اس لیے فائنل کے حوالے سے کوئی خواب نہیں دیکھ سکا۔ ملتان سلطانز کی خوبیوں اور خامیوں کو دیکھ کر کھیلیں گے۔ ملتان سطانز کے صہیب مقصود اور شاہ نواز دھانی نے شاندار پرفارمنس دی ہے، دونوں کو پرفارم کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، فائنل میں ان دونوں پر ہی زیادہ پریشر ہوگا۔