یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات

  یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تقسیم اسناد کی تقریب،میڈیکل ایڈیٹنگ سرٹیفیکٹ کورس کے دوسرے بیچ کے کامیاب شرکاء میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے گئے۔ مجموعی طور پر 33شرکاء کو سرٹیفکیٹ دیے گئے۔ کورس کے شرکاء میں ملک بھر کے میڈیکل کالجوں سے منتخب فیکلٹی ارکان شامل تھے۔ کورس کا مقصد صحت کے شعبے میں ریسرچ جرنلز کے اجراء کو فروغ دینا اور ان کا معیار بہتر بنانا ہے۔

 تقریب میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے امیداروں کو نقد انعا ما ت بھی دیے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم تھے۔ دیگر نمایاں شخصیات میں وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم، صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف میڈیکل ایڈیٹرز پروفیسر جمشید اختر، کورس کوآرڈینیٹر شوکت علی جاوید، فوکل پرسن پروفیسر نادیہ نسیم، پروفیسر اکبر چودھری اور پروفیسر سدرہ سلیم شامل تھے۔

  اس موقع پر فوکل پرسن پروفیسر نادیہ نسیم نے کورس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔انھوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کورس میں فیڈبیک کو شامل کیا گیا ہے تاکہ اس کے معیار کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سرٹیفیکٹ کورس مکمل کرنے والوں کو 32کریڈٹ پوائنٹس ملیں گے۔ میجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم نے کہا کہ کورس میں داخلے اور امتحان کا نظام بہت شفاف اور میرٹ پر مبنی ہے۔ انھوں نے کورس کیلئے ماسٹر ٹرینرز تیار کرنے اور علیحدہ لائبریری تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا کورس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اچھی ریسرچ ہونے کے باوجود ملک میں اچھے میڈیکل جرنلز نہیں نکالے جارہے اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کے اس چھٹے بڑے ملک میں صرف تین میڈیکل جرنلز  امپیکٹ فیکٹر رکھتے ہیں۔ پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے جناح کیمپس میں میڈیکل جرنلزم میں ملک کا پہلا ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے جارہے ہیں جہاں جلد ہی میڈیکل جرنلزم میں ماسٹر ڈگری پروگرام شروع کردیا جائے گا۔ انھوں نے کورس کو کامیاب بنانے میں فوکل پرسن پروفیسر نادیہ نسیم اور کورس کوآرڈینیٹر شوکت علی جاوید کی کوششوں کی تعریف کی۔ بعدازاں شرکاء میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے گئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر صاحبزادہ ناصر منصور کو سرور زبیری پرائز دیا گیا۔ دوسری پوزیشن پر محمد عاطف قریشی کو طاہر سعید ہارون پرائز دیا گیا۔ تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر زاہد لطیف، طیبہ گل ملک اور صائمہ علیم نے حاصل کی۔ تینوں کو مقبول ایچ جعفری پرائز دیا گیا۔نبیہا فراست خان کو اچھی کارکردگی پر 20ہزار روپے کا خصوصی انعام بھی دیا گیا۔