ترقیاتی بجٹ بڑھنے سے سوشل ویلفیئر کے منصوبے مکمل ہوں گے،یاور بخاری

ترقیاتی بجٹ بڑھنے سے سوشل ویلفیئر کے منصوبے مکمل ہوں گے،یاور بخاری

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے ترقیاتی بجٹ میں 94 فیصد اضافہ کیا گیا جس سے سماجی بہبود کے مختلف منصو بوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بجٹ میں ترقیاتی بجٹ کی مد میں ایک ارب 21 کروڑ روپے ملیں گے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر شاہد نیاز نے محکمے کے مختلف امور پر بریفنگ دی۔وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ حکومت نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے 9 ریجنل ڈائریکٹروں کے لئے نئی گاڑیاں خریدنے کے لئے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خریداری کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ فیلڈ دفاتر کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا سکے۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو پانچ نئی پناہ گاہوں کے قیام پر بھی بریفنگ دی گئی

۔ سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ پناہ گاہوں میں روزانہ کی بنیاد پر مرمت کا کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے موثر لائن آف رپورٹنگ ضروری ہے۔ اسی طرح محکمہ سوشل ویلفیئر کے مختلف اداروں کے سربراہوں کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے لئے انڈی کیٹرز کا تعین کیا جائے۔ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر شاہد نیاز نے بتایا کہ مانیٹرنگ کا نظام مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل ویلفیئر سٹاف کے بچوں کو ترجیحی بنیاد پر تعلیمی سکالرشپس دیے جائیں گے جبکہ سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں یوٹیلیٹی سٹور قائم کرنے کے لئے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -