حکومت زراعت و لائیوسٹاک کے شعبوں پر توجہ دے رہی،محب اللہ 

  حکومت زراعت و لائیوسٹاک کے شعبوں پر توجہ دے رہی،محب اللہ 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت ولائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہاہے کہ شعبہ زراعت کی اہمیت کے پیش نظر حکومت اس کی ترقی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے او لفٹ کینال کا منصوبہ اس کا واضح ثبوت ہے جس پر عنقریب کام کا آغاز کیا جائے گااور اس عظیم منصوبے کو سی پیک کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ محب اللہ خان نے کہا کہ یہ ایک میگا پراجیکٹ ہے جو زراعت کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز صوبائی اسمبلی کے فلور پر بجٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لفٹ کینال منصوبہ 11لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گااور اس کی بدولت خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں زرعی انقلاب رونما ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں زراعت و لائیو سٹاک کے لئے بھاری رقوم مختص کی ہیں جن سے نہ صرف یہ شعبے فعال ہونگے بلکہ کسانوں اور زمینداروں کے مسائل بھی حل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پھل اور سبزیاں وافر مقدار میں پیدا ہوتی ہیں اس لئے حکومت ان کی پیداوار میں مزید اضافہ کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ صوبے کی معیشت مستحکم ہو اور عوام خوشحال ہوسکیں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے عوام کی امنگوں کے مطابق بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور اس میں تعلیم اور صحت کے شعبہ جات کو ترقی سے ہمکنار کرنے پربہت زیادہ توجہ دی گئی ہے کیونکہ یہ انتہائی اہم ادارے ہیں اورعوام کو بنیادی اور ضروری سہولتیں فراہم کر رہے ہیں جن کے لئے حکومت نے سالانہ بجٹ میں کثیر رقوم مختص کی ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -