پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط 

پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران سندھ پولیس اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے ضمن میں معروف پنجاب گروپ آف کالجز،ہدف کالجز، الائیڈ اسکولز،ای ایف اے سسٹم کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیئے گئے۔جسکا مقصد محکمہ پولیس سندھ کے شہید،متوفی اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق پرائمری،سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کو بالترتیب بلامعاضہ پچاس اورتیس فیصد تک کی فیس پر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر آئی جی سندھ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ،اے آئی جی ویلفیئر سندھ کے علاوہ متذکرہ گروپ آف کالجز اور اسکولز سسٹم کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کی مختصراً تاہم ضروری تفصیلات کے مطابق الائیڈ اسکولز اینڈ ای ایف اے اسکول سسٹم کے تحت شہدائے پولیس سندھ کے بچوں کو داخلہ، سالانہ،ماہانہ فیس، سیکیورٹی اور ایڈمیشن پروسیسنگ کی مد میں سو فیصد رعایت دی جائیگی یا مذکورہ جملہ امور بلامعاوضہ ہونگے جبکہ پنجاب گروپ آف کالجز اور ہدف کالجز بھی کسی قسم کی کوئی فیس شہدائے پولیس کے بچوں سے وصول نہیں کرینگے۔متوفی یا دوران فرائض انتقال کر جانیوالے پولیس افسران کے بچوں سے مذکورہ اسکولز ماہانہ ٹیوشن فیس وصول نہیں کرینگے یا بلامعاضہ تعلیم فراہم کرینگے۔دوران ڈیؤٹی زخمی ہونیوالے افسران اور جوانوں کے بچوں کو اسکولز کی ماہانہ و داخلہ فیس میں پچاس فیصد تک رعایت دی جائیگی جبکہ کالجز بھی پچاس فیصد تک رعایت دینگے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت حاضر سروس افسران اور جوانوں کے بچوں کو اسکولز اور گروپ آف کالجز کے تحت تعلیم کی فراہمی کی فیس کے ضمن میں تیس فیصد تک رعایت دی جائیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -