کراچی پولیس چیف کاویسٹ زون کا دورہ،کارکردگی کا جائزہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ویسٹ زون کا دورہ کیا۔ویسٹ زون میں امن و امان سمیت منشیات کی روک تھام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر ڈی آئی جی ویسٹ نے بریفنگ دی۔ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز سینٹرل اور ویسٹ نے جرائم پر قابو پانے اور منشیات کیخلاف مہم میں پولیس کی کارکردگی پر مکمل بریفننگ دی۔کراچی پولیس چیف نے کرپشن میں ملوث ایس ایچ او اور عملے کے خلاف مضبوط کیس درج نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا اورمنشیات فروشوں سے رشوت طلب کرنے پر ایس ایچ نیو کراچی صنعتی ایریا سمیت پانچ اہلکاروں کیخلاف درج کیے جانے والے مقدمے کے نقائص پر ایس ایس پی سینٹرل کو معاملے کی ڈپارٹمینٹل فارمل انکوائری کرانے کی ہدایت جاری کی۔محکمہ جاتی کارروائی میں منشیات فروشوں سے رشوت طلبی میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات کا حکم دیا گیا۔انہوں نے ڈی آئی جی ویسٹ کو از خود کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں پولیس کی حکمت عملی کو نئے سرے سے ترتیب دیکر بھرپور ایکشن کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں منشیات کی ترسیل کے راستے مسدود کئے جائیں اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث مرکزی کرداروں کے چہرے بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے اس موقع پرضلعی ایس ایس پیز اور ایس انویسٹیگیشنز کو مشترکہ تعاون سے مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے مربوط پلان بنا کر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیئے۔انہوں نے کہاکہ کراچی پولیس ترجیحی بنیادوں پر منشیات کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات سمیت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔