موبی لنک بینک اور کیئر انٹرنیشنل پاکستان کے مابین اشتراک

  موبی لنک بینک اور کیئر انٹرنیشنل پاکستان کے مابین اشتراک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل بینک، موبی لنک مائیکرو فنانس بینک (ایم ایم بی ایل) نے چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)کو مالیاتی سہولیات کی فراہمی بالخصوص خواتین کے کاروباری اداروں کی پائیدار ترقی میں تعاون کے لئے عالمی فلاحی ادارے،کیئر انٹرنیشنل ان پاکستان (سی آئی پی)کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔  ایم ایم بی ایل کے صدراور سی ای او، غضنفر عزام اور سی آئی پی کے کنٹری ڈائریکٹر عادل شیراز نے اسلام آباد میں دونوں اداروں کے سینئر حکام کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت کاروباری افراد بالخصوص خواتین کو ان کے کاروبار کی ترقی اور استحکام کے لیے مالیاتی سہولیات تک رسائی کے علاوہ ضروری مہارتوں کے حصول اور پیشہ ورانہ رابطوں کے فروغ میں مدد فراہم کی جائے گی تاکہ حکومت پاکستان کے قومی ترقیاتی مقاصد اور نیشنل فنانشل انکلوژن اسٹریٹجی (این ایف آئی ایس)کے عین مطابق ملکی معیشت کے استحکام میں کردار ادا کیا جاسکے۔ اس اشتراک کے تحت ایم ایم بی ایل اور سی آئی پی اپنی مشترکہ مہارتوں اور تجربات کے استعمال سے کاروباری افراد کو نہ صرف مالیاتی خدمات تک رسائی دیں گے بلکہ ان کی صلاحیتوں میں اضافے، بہتر رہنمائی، ڈیجیٹل والٹس کے استعمال اور کاروبار کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرکے انہیں بہتر معلومات تک رسائی، رابطوں اور تعلقات کے فروغ اور اپنے کاروبار کو ترقی دینے میں بھی مدد فراہم کرسکیں گے۔ اس موقع پر دونوں اداروں نے ڈیجیٹل بینکاری مصنوعات کے استعمال سے چھوٹے درجے کے کاروباری اداروں کو مالیاتی خدمات تک رسائی دینے اور قرضہ داروں  اور کاروباری خواتین کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ ٹریننگ پروگرامز کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔معاہدے کی بدولت چھوٹے کاروباری اداروں کو موبائل والٹ اکانٹ کھلوانے اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات سے متعلق معلومات کی فراہمی میں بھی سہولت حاصل ہوگی۔اس کے علاوہ، ایم ایم بی ایل سے قرضہ حاصل کرنے والی خواتین کیئر انٹرنیشل کی جانب سے کاروبارشروع کرنے،اس کا انتظام سنبھالنے اور مالیاتی خواندگی جیسے موضوعات پر منعقدہ تربیتی پروگرامز میں حصہ لے سکیں گی۔