بزرگ جوڑے نے اکٹھے خودکشی کرلی 

بزرگ جوڑے نے اکٹھے خودکشی کرلی 
بزرگ جوڑے نے اکٹھے خودکشی کرلی 

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک ساتھ جینے مرنے کی قسمیں تو بہت لوگ کھاتے ہوں گے اور ایک ساتھ جی بھی لیتے ہوں گے مگر ایک ساتھ مرتے آپ نے شاید ہی کسی کو دیکھا ہو۔ آج ہم آپ کو ایک ایسے ہی جوڑے کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں جنہوں نے ایک ساتھ مرنے کی بھی قسم کھا رکھی تھی۔طبعی طور پر تو غالباً وہ اکٹھے نہ مرتے چنانچہ انہوں نے اکٹھے خودکشی کرکے اپنی قسم پوری کر لی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق مانچسٹر کا رہائشی یہ جوڑا 72سالہ پیٹر وائٹ اور اس کی 74سالہ بیوی ڈیانا تھے۔ ان دونوں نے منشیات کی زیادہ مقدار لے کر خودکشی کی۔

مانچسٹر ایوننگ سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹر اور ڈیانا کی فیملی نے بتایا کہ ”وہ دونوں ایک دوسرے کے بغیر اس دنیا سے نہیں جانا چاہتے تھے۔ انہوں نے اکٹھے مرنے کا ایک ’معاہدہ‘ کیا، جس سے ہم لاعلم تھے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں نے ایک ساتھ منشیات کی زیادہ مقدار لے لی اور اکٹھے موت کے منہ میں چلے گئے۔“ 

پیٹر کی بھتیجی ڈیبورا ایلن کاکہنا تھا کہ ”ڈیانا کی صحت ان دنوں بہت خراب رہنے لگی تھی، اس کے جوڑوں میں شدید تکلیف تھی اور وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہو چکی تھی تاہم پیٹر ابھی بالکل صحت مند تھا اور اپنے تمام کام خود کرتا تھا۔وہ دونوں بہت خاموش طبع تھے اور ایک دوسرے کی حد تک محدود رہتے تھے۔ فیملی کے دیگر لوگوں کے ساتھ بھی وہ زیادہ میل جول نہیں رکھتے تھے۔فیملی سے وہ جتنا دور رہتے تھے، ایک دوسرے کے وہ اتنے ہی زیادہ قریب تھے۔“

مزید :

برطانیہ -