فیس بک پر دوستی، خاتون نے 5 ہزار روپے ادھار لے لیے، واپس نہ کیے تو نوجوان نے ایسا قدم اٹھالیا کہ ہنگامہ برپا ہوگیا
بھوپال (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پانچ ہزار روپے کا ادھار نہ لوٹانے پر فیس بک فرینڈ نے خاتون کے پانچ سالہ بچے کو اغوا کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پانچ سالہ کایاوانش اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک لاپتہ ہوگیا۔ اہل خانہ نے دو گھنٹے کی تلاش کے بعد پولیس کو رپورٹ درج کروائی جس نے فوری ایکشن لیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اغوا کار کا سراغ لگالیا۔ پولیس نے اغواکار کی تصویر اہل خانہ کو دکھائی تو بچے کی ماں مایا مالویہ نے ملزم کو پہچان لیا۔
خاتون کے مطابق اس کی اجے نامی شخص سے فیس بک پر دوستی ہوئی تھی۔ ایک بار اس نے اجے سے پانچ ہزار روپے ادھار لیے تھے جو واپس نہ لوٹانے پر ملزم نے یہ قدم اٹھایا۔
پولیس نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ملزم اجے کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا۔ جب ملزم کو تھانے لایا گیا تو مغوی بچے کے اہل خانہ نے اسے دیکھتے ہی تھانے میں ہی اس کی درگت بنادی۔