ضمنی انتخابات میں حکومتی اتحادیوں  کو مشترکہ انتخابی نشان الاٹ کیا جائے،فواد  

 ضمنی انتخابات میں حکومتی اتحادیوں  کو مشترکہ انتخابی نشان الاٹ کیا ...

  

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں حکومتی اتحادی  جماعتوں کو مشترکہ انتخابی نشان تفویض کرنے کا مطالبہ کردیا۔پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چوہدری نے   چیف الیکشن کمشنر کو کھلا خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ، فلورکراسنگ اور ضمیرفروشی جیسی شرمناک رسم پروان چڑھانے والی ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے انتخابی اتحاد کا اعلان کیا ہے،ان جماعتوں نے ضمنی انتخابات میں زیادہ تر انہی لوٹوں کو میدان میں اتارا ہے جنہیں کمیشن نے فلورکراسنگ پر نااہل کیا،ان جماعتوں کو اپنے انفرادی انتخابی نشانات کے استعمال سے روک کر مشترکہ انتخابی نشان الاٹ کیا جائے،ہماری رائے میں اس کثیرالجماعتی اتحاد کیلئے ”لوٹا“ موزوں ترین انتخابی نشان ہے،انہیں لوٹے کا نشان ملنے سے ووٹنگ ٹرن آؤٹ پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔جمعرات کو پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات  میں حکومتی جماعتوں (مسلم لیگ(ن)،پیپلزپارٹی) کا باہم ملکر ضمنی انتخاب لڑنے  کے  اعلان  کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری نے  چیف الیکشن کمشنر کو کھلا خط لکھ دیا جس میں پنجاب میں حکومتی اتحاد کو ”لوٹے“ کا مشترک نشان الاٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔کھلے خط میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خطرناک بیرونی سازش کے نتیجے میں ایک سنگین کثیرالجہتی بحران سے گزر رہا ہے، ایک جانب معیشت تو دوسری جانب آئین و سیاست اس بحران کی زد میں ہیں،2018 کے عام انتخابات میں ایک دوسرے کیخلاف برسرِپیکار جماعتیں مرکز و صوبوں میں انتخابی اتحاد کی جانب بڑھ رہی ہیں، اس سلسلے کا آغاز تحریک انصاف کے منتخب جمہوری وزیراعظم کیخلاف 8 مارچ 2022 کو عدمِ اعتماد کی تحریک کے ضمن میں ہوا، اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں تاریخ کی بدترین ہارس ٹریڈنگ کا ڈول ڈالا گیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ ضمیر فروشی، ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے مسلسل جرم کی ابتداء  مرکز سے ہوئی،   پنجاب میں 20 ایسے اراکین سامنے آئے جنہوں نے آئین و قانون سیانحراف، ضمیر کو دولت و سازش کی دہلیز پر سرنگوں کیا، نتیجتاً کمیشن کی جانب سے ان کی نشستیں خالی قرار دیکر ضمنی انتخاب کے انعقاد کا فیصلہ و شیڈیول جاری کیا گیا،پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ، فلورکراسنگ اور ضمیرفروشی جیسی شرمناک رسم پروان چڑھانے والی ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے انتخابی اتحاد کا اعلان کیا ہے،ان جماعتوں نے ضمنی انتخابات میں زیادہ تر انہی لوٹوں کو میدان میں اتارا ہے جنہیں کمیشن نے فلورکراسنگ پر نااہل کیا، عملاً اب تحریک انصاف ہی بطور حزبِ اختلاف اس کثیر الجماعتی اتحاد کا مقابلہ کررہی ہے، لازم ہے کہ ان تمام جماعتوں کو ایک انتخابی اکائی تصور کیا جائے، ان جماعتوں کو اپنے انفرادی انتخابی نشانات کے استعمال سے روک کر مشترکہ انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔

فواد چوہدری

مزید :

صفحہ اول -