انجمن حمایت اسلام تعلیم کے فرو غ کے لئے کوشاں ہے،ضیا حیدر
لاہور(نمائندہ خصوصی) انجمن حمایتِ اسلام کے نو منتخب صدر سابق وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید ضیا حیدر رضوی نے کہا ہے کہ وہ انجمن حمایتِ اسلام کے بہبودی اور تعلیمی مقاصد کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ یہ ادارہ اہلِ لاہور کا عظیم الشان ورثہ ہے۔ یہاں قائداعظم، محترمہ فاطمہ جناح اور علامہ اقبال جیسی لاتعداد شخصیات نے فی سبیل اللہ خدمات انجام دیں۔ برصغیر میں رفاہی اور تعلیمی فروغ کے لیے 138سالہ قدیم تنظیم انجمن حمایتِ اسلام کے انتخابات میں آئندہ تین سال کے لیے سید ضیا حیدر رضوی صدر اور جسٹس (ر) رستم علی ملک سینئر نائب صدر منتخب ہو گئے۔ جبکہ دس نائب صدور کے عہدوں پر خواجہ محمود احمد، میاں محمد سعید (ڈیرے والے)، مولانا حافظ فضل الرحیم، میاں محمد ارشد، نصیب اللہ گردیزی، خواجہ مشتاق احمد، حکیم عزیز الرحمن جگرانوی، سجاد حسین، جسٹس (ر) اقبال حمید الرحمن، پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان منتخب ہوئے۔
نتائج میں میاں محمد منیر سیکرٹری جنرل، الطاف الرحمن جوائنٹ سیکرٹری، ڈاکٹر شوکت علی سیکرٹری تعلیم، جسٹس سید سخی حسین بخاری سیکرٹری ویلفیئر، مرزا خادم حسین جرال سیکرٹری فنانس، مدثر لطیف راں چیف انٹرنل آڈیٹر، میاں افتخار احمد لیگل ایڈوائزر اور میاں شاہد لطیف انجینئرنگ ایڈوائزر کے عہدوں پر منتخب ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ ان انتخابات کے لیے سیکرٹری فنانس، سیکرٹری تعلیم اور لیگل ایڈوائزر کی تین نشستوں پر ایک سے زائد امیدواران نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے، جو بعد ازاں واپس لے لیے۔ یوں 1884 سے قائم انجمن حمایتِ اسلام کے اراکین نے حسبِ روایت اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا اور تمام امیدواران بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔