صدر مملکت اس وقت پی ٹی آئی کے سیکٹر انچارج بنے ہوئے ہیں: شرجیل میمن
کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں ہو رہے۔ صدر مملکت اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے سیکٹر انچارج بنے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت وقت ضائع کرنے کے بعد حکومت کی سمریاں مسترد کردیتے ہیں۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر افواہیں چل رہی ہیں کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوگئے، انتخابات ملتوی نہیں ہورہے ہیں، مخالفین کی جانب سے افواہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں الیکشن ہیں وہاں الیکشن ہوں گے، لوگوں میں افواہیں بدگمانی کے لیے پھیلائی جارہی ہیں، اسمبلی میں بجٹ کی تنقید کا ٹھوس جواب دیں گے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کونیوٹرل امپائراچھا نہیں لگتا، ایم کیوایم سمیت تمام جماعتوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، عمران خان کے پاس پہلیدن سے اکثریت نہیں تھی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اتحادی نہ چاہتے ہوئے بھی عمران خان کے ساتھ چلے، عمران خان نے4 سال آرڈیننس کے سہارے حکومت چلائی، عمران خان ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان نے مخالفین کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، عمران خان کے خلاف بولنے والوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، عمران خان اداروں کو بلیک میل کر رہے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کو پسند کے امپائر اورکراڈ چاہیے، عمران خان نے آئین اورقانون کی دھجیاں اڑائیں، عمران خان کی تقریرمیں مذہبی عنصر بھی نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر کا ریموٹ دراصل عمران خان کے پاس ہے، جو بنی گالا میں موجود ہیں، وہ جب چاہیں انہیں آن یا آف کردیتے ہیں۔صحافی کے سوال پر وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ صدر مملکت اس وقت پی ٹی آئی کے قانون توڑ سیکٹر کے انچارج بنے ہوئے ہیں۔اس سے پہلے اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر بھی اسی سیکٹر میں تھے اور ان سب سے بڑے عمران خان ہیں، جو آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر لوگوں کو لتاڑ رہے ہیں، اس رویے پر عوام کو تحفظات ہیں، عمران خان ایسی بدمعاشی زیادہ دیر نہیں کر سکیں گے۔