پارکنگ کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر 5 پلازے سیل 

پارکنگ کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر 5 پلازے سیل 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے پلازہ پارکنگ کو دیگر کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ پشاور کی خصوصی ٹیم نے محکمہ پی ڈی اے کے افسران کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ اور اولڈ باڑہ روڈپر پلازوں اور دیگر عمارتوں میں مختص پارکنگ کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیلم ایوبی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی اور پی ڈے اے افسران نے یونیورسٹی روڈ اور اولڈ جمرود روڈ پر پلازوں اور دیگر عمارتوں میں پارکنگ کا معائنہ کرتے ہوئے پارکنگ کوکمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے اورپارکنگ میں دیگر غیر قانونی تعمیرات قائم کرنے پر السید پلازہ، استوغنہ فلیٹ، الحاج ٹاور، طیوک ریسٹورنٹ،اور سلیکون پلازہ کی پارکنگ کو سیل کر دیا جبکہ اتحاد پلازہ، چیف ریسٹورنٹ،مارکوپولو ریسٹورنٹ اور اعوان پلازہ کی پارکنگ میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ کے ایف سی ریسٹورنٹ کو نوٹس جاری کیا گیا کہ جلد از جلد اپنے لیے پارکنگ کا بندوبست کرے اور یونیورسٹی روڈ پر گاڑیاں پارک نہ کرے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق پشاور میں ٹریفک کی روانی میں آسانی لانے اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور پشاور میں ان پلازہ مالکان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جو کہ نقشے میں منظورشدہ پارکنگ کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔انھوں نے افسران کو پلازوں میں پارکنگ کی جگہوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور پلازہ پارکنگ کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -