پولیو ڈیوٹی‘ کمشنر کی غفلت برتنے پر کارروائی کے احکامات

پولیو ڈیوٹی‘ کمشنر کی غفلت برتنے پر کارروائی کے احکامات

  

 پشاور (سٹی رپورٹر) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پولیو ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کے احکامات جاری کردیئے۔ پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیو ورکرز کی سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کے احکامات بھی جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت 27جون سے شروع ہونیوالے پولیو مہم کیلئے انتظامات اور گزشتہ پولیو مہم کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع خیبر اور ضلع مہمند کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس  آفیسرز،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں پانچواں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے گزشتہ پولیو مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گزشتہ پولیو مہم میں اہداف حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ غیر معمولی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر مہمند عارف اللہ اعوان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں 27جون سے شروع ہونیوالے پولیو مہم کی کامیابی کیلئے باقاعدہ حکمت عملی طے کی گئی جس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو پولیو اہلکاروں کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردیں گئیں۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پولیو مہم کے دوران روزانہ ایوننگ اجلاس منعقد کرنے اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی رپورٹ اسی وقت ارسال کرنے کی ہدایات جاری کردیں تاکہ ان کیخلاف سخت تادیبی کاروائی کی جاسکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -