سیمنٹ ، سٹیل ، چینی ، آئل اینڈ گیس ، فرٹیلائزر، ٹیکسٹائل ، آٹو انڈسٹری و دیگر پر 10 فیصد سپر ٹیکس عائد
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) حکومت نے بڑی صنعتوں جن میں سیمنٹ ، سٹیل ، شوگر انڈسٹری ، آئل اینڈ گیس ، ایل این جی ٹرمینل ، فرٹیلائزر، بینکنگ ، ٹیکسٹائل ، آٹو موبل انڈسٹری، کیمیکل ، بیوریجز ، سگریٹ مینو فیکچرنگ انڈسٹری پر 10 فیصد سپر ٹیکس عائد کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کے اجلاس میں کہا کہ سپر ٹیکس سے مراد غربت کو کم کرنے کا ٹیکس ہے جو بڑی صنعتوں پر لگایا جا رہا ہے ۔ کسی نہ کسی شکل میں دو ہزار ارب روپے کا ٹیکس غائب ہو جاتا ہے ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کے اس اعلان کا شدید ترین اثر سٹاک مارکیٹ میں مندی کی صورت میں پڑا اور مارکیٹ کریش کر گئی، 2 ہزار سے سے زائد پوائنٹس کی 100 انڈیکس میں کمی کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ۔
تفصیلات کے مطابق کاروبار کے آغاز کے ابتدائی دو گھنٹوں کے دوران سٹاک مارکیٹ میں اچانک 1598 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار کی نفسیاتی حد پر آ گیا تاہم یہ سلسلہ رکا نہیں اور 12 بجے تک اس میں مزید کمی ہوئی اور انڈیکس 2053 پوائنٹس تک گر گیا، شدید مندی کے باعث مارکیٹ میں کاروبار کر منسوخ کر دیا گیا ، اس وقت 100 انڈیکس شدید مندی کے بعد 40663 پوائنٹس پر آ گیاہے ۔