امریکی سینٹ نے30سال بعد گن کنٹرول بل کی منظوری دے دی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی سینیٹ میں 3دہائیوں بعد پہلے گن کنٹرول بل کی منظوری دی گئی ہے۔
بی بی سی نیوز کے مطابق امریکی سینیٹ کے 66 اراکین نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 33 نے اس کی مخالفت کی،اسلحے کی روک تھام کے حوالے سے 3 دہائیوں میں اب تک کی سب سے اہم قانون سازی ہے جس میں ری پبلکن پارٹی کے 15اراکین نے ڈیموکریٹ پارٹی کا ساتھ دیا ہے ،ڈیمو کریٹ پارٹی کے 51 اور ری پبلکن پارٹی کے 15 اراکین نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نیویارک کے علاقے "بفیلو "کی مارکیٹ اور ٹیکساس کے علاقے"یووالڈے "کے سکول میں فائرنگ کے واقعات میں 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد گن کنٹرول بل کی حمایت کیلئے تحریک زور پکڑ رہی تھی اور اب اس بل کو کانگریس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد صدر جو بائیڈن کے دستخط سے یہ قانون بن جائے گا۔
سینٹ میں بل کی منظوری کے بعد صدر جو بائیڈن کی جانب سے جاری بیان میں کانگریس پر زور دیا گیا ہے کہ اس بل پر ووٹنگ کو اولین ترجیح دی جائے،انہوں نے کہا کہ 28 سال کی کوششوں کے بعد سینٹ کے اراکین نے اکٹھے ہوکر اس بل کی منظوری دی جو اسلحے کی بھرمار کے باعث ہونے والے تشدد کی روک تھام کرے گا۔
کانگریس کی سپیکر "نینسی پلوسی "نے کہا کہ اس بل کو ایوان سے جلد از جلد منظور کرایا جائے گا،کل صبح پہلا کام قوانین کی کمیٹی کا اجلاس ہوگا تاکہ اس قانون سازی کو ایوان تک پہنچایا جاسکے۔
اس بل میں اسلحہ خریدنے کے خواہشمند 21 سال سے کم عمر افراد کی شخصیت کی کڑی جانچ پڑتال کی جائے گی جبکہ سکولوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے پروگرامز کے لیے 15 ارب ڈالرز مختص کیے جائیں گے۔
اسی طرح امریکی ریاستوں سے ایسے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا کہا جائے گا جن کے تحت خطرہ تصور کیے جانے والے افراد سے اسلحہ واپس لیا جائے گا،قانون کے تحت ایسے افراد کو بھی اسلحہ خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی جو گھریلو تشدد کے واقعات میں سزا کاٹ چکے ہوں گے۔
یہ قانون اس لیے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ کئی دہائیوں بعد پہلی بار مجوزہ اصلاحات کے لیے ڈیموکریٹس اور ری پبلکن اراکین دونوں کی جانب سے اس کی سپورٹ کی گئی ہے۔