امریکہ نے گوانتانا موبے سے افغان شہری کو رہا کرکے طالبان حکومت کے حوالے کر دیا
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے بدنام زمانہ جیل گوانتانا موبے سے ایک افغان شہری کو رہا کرکے طالبان حکومت کے حوالے کر دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق اس حوالے سے امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی کی طرف سے ایک ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ نے افغان شہری اسد اللہ ہارون کو گوانتاناموبے سے رہا کرکے امارت اسلامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد لکھتے ہیں کہ ”امارت اسلامیہ افغانستان کی کوششوں کے نتیجے میں اسد اللہ ہارون کی رہائی ممکن ہوئی اور وہ برسوں بعد اپنے خاندان سے دوبارہ مل پائے۔ ہم برادر ملک قطر کے بہت مشکور ہیں جس نے اسد اللہ ہارون کی رہائی کی راہ ہموار کی۔“
ترجمان نے بتایا کہ امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے نتیجے میں گوانتاناموبے سے 2قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ امارت اسلامیہ افغانستان دیگر ممالک میں زیرحراست افغان شہریوں کی رہائی کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی بھی ملک میں کوئی افغان مظلوم نہ رہے۔