پاکستانی شہریوں، غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل: شہباز شریف
لاہور(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اسلام آباد ماڈل جیل، اسلام آباد سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں اسلام آباد قومی سہولت مراکز اور منشیات اور دھماکہ خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کے لیے قائم شدہ K-9 یونٹ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل پرزن میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کے لیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے، اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیب تعمیر کی جائے،اسلام آباد میں تمام سکیورٹی منصوبوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلا س میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔بعدازاں وزیراعظم سے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے راہنما اور چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی۔اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستانی نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے جاری منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔صوبہ ہزارہ تحریک کے آرگنائزر حاجی خورشید ہزاروی کے مطابق ایم این اے سردار محمد یوسف کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس کوصوبہ ہزارہ کے قیام کے سلسلے میں خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ایم این اے سردار محمد یوسف صوبہ ہزارہ کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھاتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب صوبہ ہزا ر ہ کا قیام عمل میں آئیگا۔،جس کو اہلیان ہزارہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع وزیر اعظم کی رہائش گاہ پہنچے دونوں رہنماؤں کی ملاقات ملک میں امن وامان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا، اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مابین آپریشن عزم استحکام پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر اعظم