پی ایچ اے مری میں بوٹینیکل گارڈن قائم کریگی،طاہر وٹو
لاہور (خبر نگار) لاہور کی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی مری میں جدید بوٹینکل گارڈن قائم کرے گی۔ ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو نے بتایا کہ بوٹینکل گارڈن دس ایکڑ رقبہ پر قائم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ اس سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس بوٹینکل گارڈن میں جاپانی سکورہ اور پرفیوم باغات کے علاوہ جھیل اور پھولوں سے آراستہ سرنگ بھی بنائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جس میں بچوں کے لیے پلے ایریا، زپ لائن، سکائی برج اور گلو گارڈن کی تفریحات بھی موجود ہوں گی۔ اسی طرح شائقین کے لئے پارکنگ کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔ طاہر وٹو نے بتایا کہ بوٹینکل گارڈن میں عوام کی دلچسپی کے لیے واٹر للی، ٹیولپ، ٹائگر للی، جرینیم اور پہاڑی علاقوں میں پائے جانے والے مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے۔ طاہر وٹو نے مزید کہا کہ پی ایچ اے اس سال دسمبر میں لاہور میں ٹیولپ کے پھولوں کی نمائش کا بندوبست بھی کرے گی۔