پنجاب کی تاریخ میں پہلی ”زیروویسٹ“ عید!
ویسے تو عید الاضحی ہرسال دس ذوالحجہ کو منائی جاتی ہے لیکن عوام اور حکومت کی طرف سے اس کی تیاری کئی دن پہلے شروع ہو جاتی ہے۔ عوام قربانی کے جانوروں کی خریداری شروع کرتی ہے تو حکومت جانوروں کی فروخت کیلئے شہری آبادیوں سے باہرعارضی طور پر مویشی منڈیاں یا سیل پوانٹس قائم کرنے اور منڈیوں میں خریداروں اور شہریوں کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کے انتظامات میں جُت جاتی ہے۔عملی طور پر حکومت کی انتظامی مشینری عید سے دس دن قبل ہی متحرک ہو جاتی ہے اور عید کے تین دن گذر جانے کے بعد بھی اس کی مصروفیت جاری رہتی ہے اگرچہ عید کے بعد مصروفیت کا انداز بدل جاتاہے۔دراصل عید کے بعد،عید سے قبل اور عید کے دوران تمام سرگرمیوں اورانتظامی معاملات کا تجزیہ کیا جانا ضروری ہوتا ہے۔پنجاب میں اس بار عیدالاضحی کے دوران انتظامی مشینری کو ایک متحرک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت اورراہنمائی میسر تھی اس لئے روایتی انتظامات کے علاوہ انتظامی مشینری میں ایک جذے اور لگن کی جھلک بھی صاف نظر آرہی تھی۔ہر انتظامی کل پرزے نے محسوس کیا کہ ان کی کارکردگی پر کسی کی نظر ہے اوریہ بات کافی حد تک سچ بھی تھی کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خوددن رات ساری صورتحال کا جائزہ لے رہی تھیں۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی باریہ عیدالاضحی زیرو ویسٹ ثابت ہوئی۔یعنی عید کے ہردن کا اختتام اس انداز میں ہوا کہ صوبے کاہر شہری یا دیہی علاقہ کسی قسم کی گندگی یا قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے پاک تھا۔
اگرچہ بنیادی طور پر یہ سرکاری اداروں اور اہلکاروں کی ہی ذمہ داری ہے کہ عید الاضحٰی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں لیکن اس حوالے سے عوام الناس بھی بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔حکومت نے اسی امر کے پیش نظر انتظامی معاملات بہتر بنانے کی طرف توجہ مبذول رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی مہم بھی چلائی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اوروزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے میڈیا کے ذریعے عوام سے تعاون کرنے اور اپنے گھر، محلوں اورسڑکوں کو صاف رکھنے کی بار بار اپیل کی۔عوام نے بھی اپنی قائد اوروزراء کی اپیلوں پر لبیک کہا اورمثالی صفائی کی صورت میں نتائج سب کے سامنے ہیں۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے عید سے قبل ہی صوبائی،ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل لیول کے کنٹرول رومزکو مزید فعال کرنے کاحکم دیاتھا۔ انہوں نے ہدایت کی تھی کہ لاہور میں عملہ خود گھر گھر جاکر بائیوڈی گریڈ ایبل بیگ تقسیم کرے گااوربعد میں ان میں بند جانوروں کی آلائشیں اٹھائے گا۔قربانی کے بعدشہر بھر کی سڑکو ں کو دھویا جائے گا،چونا ڈالا جائے گا اور سپرے ہوگا۔ ڈرین اورمین ہول وغیرہ کو آلائشیں ڈالنے سے محفوظ رکھا جائے۔ 2600مساجد اور 900عید گاہوں پر سکیورٹی کے سکیورٹی انتظامات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیا اور عید گاہو ں میں گرمی کے پیش نظر مسٹ فین اور پنکھے لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پنجاب پولیس کونگرانی کے لئے کیمرے اورچیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس نصب کرنے، پارکس میں بچوں کے لئے جھولوں اور سلائیڈز کی انسپکشن اور حفاظتی معیار کو یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے عید سے قبل ہی اجلاس میں آئی جی پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ جہاں اندیشہ ہو سکیورٹی بڑھائیں اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کوہر صورت یقینی بنائیں۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال اور اسلحہ نمائش پر پابندی یقینی بنائی جائے۔ مویشی منڈیوں، بازاروں او رمارکیٹوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا زشریف کی ہدایت پر حکومت نے پنجاب بھر میں 294 مقامات پر جانوروں کے لئے سیل پوائنٹس قائم کئے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مویشی منڈیو ں میں صفائی، دھوپ سے بچاؤ کے لئے شیڈز، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بیماریوں سے بچاؤ کیلئے سپرے کرایا گیا۔
ایک اندازے کے مطابق صرف لاہور میں چودہ لاکھ جانوروں کی قربانی ہوئی اور اس میں کوئی شک نہیں کہ عیدالاضحی پر لاہور میں 60 ہزار ٹن الائشیں اٹھانابہت بڑا چیلنج تھا۔کیونکہ ویسٹ اٹھانا کافی نہیں، محفوظ ڈمپنگ زیادہ اہم ہے اورالائشوں سمیت دیگر ویسٹ کی ڈمپنگ میں سستی کا نتیجہ لامحالہ تعفن اورغلاظت کی شکل میں سامنے آناتھا۔وزیربلدیات ذیشان رفیق نے اس سلسلے میں پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ اور ایل ڈبلیو ایم سی کے ساتھ ساتھ لاہور کے کنٹونمنٹ ایریاز کو بھی صفائی پلان میں شامل کیا اورریلوے پٹڑیوں کے قریب پھینکی گئی آلائشوں کو بھی اٹھانے کی ہدایت کی۔حکومت نے اپنے طور پربارش ہونے کی صورت میں واسا لاہور کے ساتھ مل کرجامع منصوبہ بھی کر رکھی تھی۔وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے وزیربلدیات ذیشان رفیق تمام چیف آفیسرز کے ساتھ ہر روز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کرتے رہے۔عید سے پہلے ہی لوکل گورنمنٹ کے کنٹرول رومزنے 24 گھنٹے کام کر نا شرو ع کردیا تھا جو عید کی تعطیلات کے دوران بھی جاری رہا کیونکہ لوکل گورنمنٹ ملازمین کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی تھیں۔ڈیش بورڈ کے ذریعے بھی پورے لاہور میں صفائی انتظامات کی نگرانی ہوتی رہی۔صفائی کو یقینی بنانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے 105 کولیکشن پوائنٹس اور30 ماڈل کیمپس مقرر کئے تھے۔
لاہور میں عید قربان کے تینوں دن گرینڈ صفائی آپریشن جاری رہااورلاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مجموعی طورپرعید صفائی آپریشن کے دوران 35 ہزار ٹن آلائشیں اور جانوروں کی باقیات ٹھکانے لگا کر سب سے آگے رہی۔عید کے پہلے روز 16 ہزار ٹن جبکہ دوسرے روز12 ہزار ٹن سے زئد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔ چاند رات زیرو ویسٹ آپریشن میں 8000 ٹن ویسٹ اٹھایا گیا۔عید کے تین دنوں میں 10ہزار صفائی ورکرز 3شفٹوں میں لگاتار کام کرتے رہے۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے چاند رات سے عید کے اختتام تک سڑکوں کی عرق گلاب اور فینائل ملے پانی سے واشنگ جاری رہی اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جا تارہا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق، سیکریٹری بلدیات، ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر افسران فیلڈ میں متحرک رہے اور مختلف علاقوں کے دورے کرکے عارضی کولیکشن پوائنٹس پر ورکنگ کا جائزہ لیتے رہے۔ انہو ں نے شدید گرمی میں کام کرنے والے فیلڈ ورکرز سے ملاقاتیں کیں، شاباش دی، مٹھائی اور عیدی بھی تقسیم کی۔لاہور میں قائم کردہ 105 عارضی کولیکشن پوائنٹس کو روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ کیا جاتا رہا۔ایل ڈبلیو ایم سی کے 15 ہزار ورکرز تینوں شفٹوں میں فیلڈ میں موجود رہے۔عید قربان کے پہلے اوردوسرے روز 2902 گاڑیوں نے صفائی آپریشن میں حصہ لیا۔شہر میں قائم 105 عارضی کولیکشن پوائنٹس کے مکمل زیرو ویسٹ ہونے تک صفائی آپریشن جاری رہا۔ عید ہیلپ لائن پر 15 ہزار 600 سے زائد شہریوں نے رابطہ کیا۔13 ہزار 800 سے زائد شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا گیا۔شکایت و اطلاع پر ردعمل ٹائم 30تا 45منٹ تھا۔ اجتماعی قربان گاہوں میں قربانی کے بعد ایل ڈبلیو ایم سی نے دھلائی کی۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرزاس حوالے سے بھی تحسین کے قابل ٹھہرتے ہیں کہ سخت گرمی کے باوجود شہر کو صاف رکھنے کیلئے دن رات کام کرتے رہے۔
وزیر اطلاعات وثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میڈیا خود تمام صوبوں کی کارکردگی بیان کررہا ہے۔اس میں کوئی شک ہی نہیں رہا کہ تمام صوبوں کے مقابلے میں مریم نواز شریف کا صوبہ پنجاب یہاں بھی سب سے آگے ہے۔انہوں نے کہا کہ کام اور کارکردگی خود نظر آتی ہے اورانشاء اللہ ابھی پنجاب وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر قیادت ہر شعبے میں بہت آگے جائے گا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ،ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ اور سکیورٹی ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور صفائی کے بہتر انتظامات و سہولیات فراہم کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کی مساجد اور عید گاہوں میں پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ اور ان کے افسران کی جانب سے عید کے موقع پر عوام کو بہترین سروسز فراہم کی گئیں گئی۔
عید الا ضحی ٰکا تہوار جہاں قربانی اور ایثار کا سبق دیتا ہے وہیں ہر شخص کی خواہش ہو تی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کے ساتھ خو شی کے ان لمحات کو گزارے لیکن محکمہ پولیس،میونسپل کارپوریشنز،ضلع کونسلز، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں،تعلقات عامہ، محکمہ صحت،ریسکیو 1122،ڈیوٹی پر موجود دیگر افسران ور ان کاسٹاف اورمیڈیا چینلز کے کارکن عید کے تینو ں دن بھی اپنے فرائض انجام دینے میں مصروف رہے۔کیونکہ دوسروں کی خوشی کے لیے اپنی خوشی کو قربان کر د ینا بھی ایثار اور قربانی ہے۔ عید الاضحیٰ کے مو قع پران سرکاری اور نجی ادارے کے کارکنوں کا اپنے بچوں سے دور رہ کر ڈیوٹی دینا اپنے فرض سے محبت کی نشانی ہے۔شہر کی مختلف سٹرکیں ہوں یا مذہبی عبادت گاہیں، خوشی کے تہوارہوں یا ناگہانی آفت، یہ کارکن اوراہلکار اپنے گھر والوں کے ساتھ رہنے کی بجائے سٹرکوں اورڈیوٹی سپاٹس پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہوتے ہیں۔ان کا یہ اقدام یقیناً مثالی اور قابل ستائش ہے، معاشرے کا ہر فر د اگر اسی طر ح اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تو یقیناً بہت سے مسائل سے نجا ت مل سکتی ہے۔ پاکستان ہمارا پیارا وطن،پیار دیس ہے۔اس کاہر کونہ،ہر گلی آپ کی گلی، آپ کا محلہ، آپ کا علاقہ اور آپ کا شہر ہے،یہ آپ کا پیارا پاکستان ہے۔عید کے موقع پر یہ ایسے ہی صاف ستھرا دکھائی دینا چاہیے جیسے ہمارے گھر خوشی کے موقع پر چمک دمک رہے ہوتے ہیں۔آئیے عہد کریں کہ ہم ہر عید قربان پر صفائی کو یقینی بنائیں گے اور تاحیات ہر عید پر ایسا ہی کریں گے اور اپنی آئندہ نسلوں کو بھی یہی تربیت دیں گے۔
٭٭٭
عیدالاضحی پر صفائی اور عوام کی مثالی خدمت پر افسران اور عملہ انعام کا حق دار ہے: وزیراعلیٰ مریم نواز
سخت دھوپ اور گرمی میں کام کرنے والے
صفائی ورکرز ہمارے ہیرو ہیں:مریم نوازشریف
وزیر اعلی پنجاب نے وزیر بلدیات ذیشان رفیق،
سیکرٹری بلدیات شکیل احمد کو خاص طور پر شاباش دی
پہلی بار سیف سٹی اتھارٹی لاہور کے کیمروں کے ذریعے مختلف علاقوں کی مانیٹرنگ
کی گئی اور صفائی کے عمل کو سکرین پرمانیٹر کیاگیا:وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری