قوم کو تقسیم کرنے والے ملک دشمنوں کا کام آسان کر رہے ہیں،مدثر چودھری
لاہور(نامہ نگار) پاکستان کی سلامتی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک نچھاور کردیں گے ،پاکستان بنانے والوں کے فکری وارثین پاکستان بچانے کے لئے میدان میں آچکے ہیں ان خیالات کا اظہار ینگ وکلاء نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پاکستان بار کونسل میڈیا سیل کے کوآرڈینیٹر مدثر چودھری نے کہا کہ 23مارچ محبت پاکستان کے لئے تجدید عہد کا دن ہے۔قوم کو تقسیم کرنے والے ملک دشمنوں کے کام آسان کررہے ہیں۔ وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔نظریہ پاکستان کے مخالفین کی ہر سازش ناکام بنا کر دم لیں گے ۔چودھری وسیم کھٹانہ نے کہا کہ یوم قرار داد پاکستان کے موقع پر وطن سے محبت کا عہد کرنے کی ضرورت ہے۔قائد اور اقبال نے 23مارچ کے تاریخی دن انگریزوں اور ہندوؤں سے الگ ملک حاصل کیا ۔آج پاکستان بچانے کے لئے پاکستان بنانے والے جذبے کی ضرورت ہے ،اسلام اور پاکستان کی محبت کو ہر محبت پر غالب کرنے اور نوجوان نسل کو قائد اور اقبال کے افکار سے روشناس کرنے کی اشدضرورت ہے ۔مرزا حسیب اسامہ نے کہا کہ یوم قرار داد پاکستان کے موقع پر وطن سے محبت کا عہد کرنے کی ضرورت ہے ۔مجتبیٰ چودھری نے کہا کہ آج پاکستان بچانے کیلئے پاکستان بنانے والے جذبے کی ضرورت ہے۔ارشاد گجر نے بھی خطاب کیا۔
