بلوچستان سپورٹس ،فیسٹیول کا آغاز، ثقافتی رقص، لڑاکاطیاروں کی سلامی ، ہزاروں افراد شریک
کوئٹہ(آن لائن)کوئٹہ میں رنگا رنگ تقریب کیساتھ بلوچستان سپورٹس فیسٹول شروع ہو گیا ،چاروں صوبوں کے ثقافتی رقص ، اور لڑاکا طیاروں کی سلامی نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے ،فیسٹیول ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کی یہ رنگا رنگ افتتاحی تقریب سجی کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں، پروقار تقریب میں خواتین سمیت سکولوں کے طلبا ، طالبات نے بھر پورشرکت کی۔آرمی ایوی ایشن کے سپر مشاق طیاروں نے فضاء میں رنگ بکھیرے ، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی اسٹیڈیم کو سلامی دی۔پاکستان آرمی کے چاق وچوبند دستے نے بینڈ کی دھنوں پر مارچ پاسٹ کی اور مہمانوں کو سلامی دی، فنکاروں نے ڈھول کی تھاپ پر چاروں صوبوں کے ثقافتی رقص پیش کئے۔طلباء نے تین سو فٹ لمبا سبز ہلالی پرچم اسٹیڈیم میں لہرا یا ، صوبے بھر سے آئے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کی، تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کا کہنا تھا فیسٹیول کا انعقاد امن کی علامت بن چکا ہے۔فیسٹیول سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، صوبائی وزیر کھیل مجیب الرحمان محد حسنی نے بھی خطاب کیا ، انتیس مارچ تک جاری رہنے والے آٹھ روزہ فیسٹیول میں ستائیس سو سے زائد کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔
