واپڈا اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین واٹر مینجمنٹ کیلئے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط

واپڈا اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین واٹر مینجمنٹ کیلئے مفاہمتی یاد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر )واپڈا اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین ایک مفاہمتی یاد داشت پر دستخط ہوئے، جس کے تحت دونوں ادارے زرعی شعبہ میں بہتر اور پائیدار واٹر مینجمنٹ کیلئے تحقیقی اور تربیتی سرگرمیوں میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔چیئرمین واپڈا ظفر محمود اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے واپڈا ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔ واپڈا کے ممبر(واٹر)، ممبر(پاور)، ممبر(فنانس)، سیکرٹری واپڈا، منیجنگ ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن)، جنرل منیجر(کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ) واٹر، ڈائریکٹر جنرل(سروسز) اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینئر اساتذہ تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا 90 فیصد استعمال زرعی مقاصد کیلئے کیا جاتا ہے، لہٰذا اس شعبہ میں پانی کی بچت اور روایتی آبپاشی کے طریقوں کی بجائے آبپاشی کے جدید طریقوں کو فروغ دینے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اس طرح نہ صرف پانی کے ضیاع کو روکا جاسکتا ہے بلکہ پانی کی کم مقدار سے زیادہ پیداواربھی حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں خصوصاً زراعت میں پانی کی طلب اور رسد کے درمیان توازن برقرار رکھنے کیلئے پانی کی حقیقی قیمت کا تعین سب سے اہم عنصر ہے۔تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے کہا کہ اُن کیلئے زراعت میں پانی کے باکفایت استعمال کو فروغ دینا نہایت مقدّم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ واپڈا اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا باہمی اشتراک پاکستان کی اقتصادیات کے اس نہایت اہم زرعی شعبہ میں پانی کے بہتر استعمال کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔


یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ مؤثر اور پائیدار واٹر مینجمنٹ کیلئے اس سے قبل واپڈا اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ جامشورو کے مابین بھی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے جاچکے ہیں ،جبکہ بہت جلد واپڈا سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے ساتھ بھی اِسی نوعیت کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کرے گا۔

مزید :

کامرس -