پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام محترمہ نصرت بھٹو کی 87ویں سالگرہ کی تقریب
لاہور( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام گرین ٹاؤن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما و مادر جمہوریت محترمہ بیگم نصرت بھٹو کی 87ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی اور ان کی سالگرہ کا کیک پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات فیصل میر اور ڈاکٹر ضرار یوسف نے کاٹا۔ اور اس موقع پر مادر جمہوریت کی پاکستان اور پیپلز پارٹی کے لئے خدمات پر بھرپور خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات لاہور فیصل میر نے کہا کہ ہماری قائد بیگم نصرت بھٹو کو 1975میں اقوام متحدہ کی عالمی کانفرنس کی منتخب نائب صدر ہونے کا اعزاز حاصل ہے ایسا اعزاز پاکستان کی کسی بھی سیاسی جماعت کے سیاست دان کو حاصل نہیں ہے لیکن ’’پنجاب حکومت کو بھی یہ اعزاز جاتا کہ اس نے گزشتہ دنوں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بیگم نصرت بھٹو اور بے نظیر شہید جیسی عالمی شہرت یافتہ خواتین کی تصاویریں نہیں لگائیں لیکن یہ یاد رکھیں کہ عالمی شہرت یافتہ ان خواتین کو پاکستان اور دنیا بھر کے لیڈروں کے دلوں سے نہیں نکال سکیں گے ۔ڈاکٹر ضرار یوسف نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو جیسی عظیم لیڈر اور ایک عظیم ماں شائد ہی دنیا میں ہو گی کہ جس نے پاکستان میں جمہوریت کی بالادستی کی خاطر اپنے شوہر ‘ اپنے بیٹوں اور اپنی بیٹی تک کی شہادتوں کا سامنا کیا اور خود بھی پاکستان میں جمہوریت کی خاطر جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ دیدیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر عاقب سرور‘ شہزاد شفیع‘ لیاقت قصوری‘ عباس شاہ‘ تبسم بھٹو اور وحید لودھی سمیت دیگر جیالوں نے بھی شرکت کی اور زندہ ہے بھٹو ۔زندہ ہے ۔زندہ ہے بی بی زندہ کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔
