طیاروں کی گھن گرج کمانڈوز کا مارچ ،یوم پاکستان پر عسکری قوت کا شاندار اور پر شکوہ مظاہرہ

طیاروں کی گھن گرج کمانڈوز کا مارچ ،یوم پاکستان پر عسکری قوت کا شاندار اور پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد/کراچی/لاہور/کوئٹہ/پشاور(نما ئند ہ خصو صی ،اے این این)اسلام آباد میں پاک فوج کی شاندار پریڈ،طیاروں کی گھن گرج،کمانڈوز کا مارچ،ملک بھر میں شہری سڑکوں پر نکل آئے ،پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے،صدر ،وزیر اعظم ،جنرل راحیل شریف سمیت افواج کے سربراہوں نے سلامی لی، ملک بھرمیں 23مارچ کویوم پاکستان بھرپورملی جوش وجذبے اور اس عزم کی تجدید کیساتھ منا یاگیاہے کہ دہشت گرد اورانتہا پسند قوتوں کا مکمل خاتمہ کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اوراستحکام کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائے گاجبکہ اس موقع پراسلام آباد کے پریڈگراؤنڈ شکرپڑیاں میں مسلح ا فواج کی مشترکہ پریڈمیں ہواؤں کا سینہ چیرتے شاہینوں، سمندروں کے رکھوالوں اور پاک سرزمین کے پاسبانوں نے اپنی عسکری طاقت کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ دشمنوں کے دل لرز اٹھے، اہلیان وطن کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کی مناسب سے گزشتہ شب 12 بجتے ہی لاہور میں منٹو پارک اور گلش پارک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جس سے مینار پاکستان رنگ برنگی آتش بازی سے چمک اٹھا جبکہ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی ، ترقی اور یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر تمام اہم سرکاری اورنجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرا یاگیا۔ اسلام آباد میں تینوں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا ۔ پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بگھی پر پریڈ گرانڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوار ہوکر مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان کی قیادت میں ایف سولہ طیاروں نے سب سے پہلے شاندار انداز میں سلامی دی جس کے بعدمیراج، ایف سیون پی جی ، اواکس، پی تھری سی اور ئین کی فارمیشنز نے سلامی کے چبوترے کے اوپر پروازکرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی دی۔پریڈ کمانڈر بریگیڈئیر محمد عامر مجید کی قیادت میں تینوں مسلح افواج کی نمائندگی کرتے ہوئے علم برداروں نے مارچ کیا اور سلامی دی ، ان کے پیچھے پنجاب رجمنٹ ، سندھ رجمنٹ، فرنٹیئر کور ، ناردرن لائٹ انفنڑی ، پاک بحریہ ، پاک فضائیہ ، پاکستان رینجرز ، پولیس، نرسز، بوائے سکاوٹس، گرل گائیڈز اور ایس ایس جی کمانڈوز کے دستے آئے ۔پریڈ میں تینوں مسلح افواج کی خواتین آفیسرز نے بھی حصہ لیا۔ ملک میں تیار کردہ ناقابل شکست الخالد ٹینک ، الضرار ٹینک ،بکتر بند گاڑیاں ،توپخانہ ، جدید ویپن سسٹم ، اور جدید ترین ریڈار پریڈکا حصہ بنے، ملک کے دفاعی نظام کے شاندار عکاس شاہین ون، شاہین تھری، اور رعد میزائل شرکا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والابغیر پائلٹ کے براق طیارہ فضا میں نمودار ہوا تو حاضرین کے سر فخر سے بلند ہو گئے۔ پریڈ میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس سجائے گئے جن پر صوبے کی نمائندگی کرنے والے شاندار ماڈل بنائے گئے تھے ۔ روایتی موسیقی نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے ۔پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ایف 16 کی گھن گرج، جے ایف 17تھنڈرکی دھمک سے شہر اقتدار گونج اٹھا۔ شیر دل فارمیشن نے قراقرم 8 اور ترکی کے ٹی 37 طیاروں سے فضا میں رنگ بکھیر ے ۔چین کی طرف سے آرمی ایوی ایشن کا حصہ بننے والے اٹیک ہیلی کاپٹر ز سمیت کوبرا اٹیک ، فینک ، بیل فور 12، پیوما،ایم آئی سیونٹین اور پاک بحریہ کے زولو نینرز ہیلی کاپٹر نے بھی سلامی پیش کی۔ جی او سی سپیشل سروسز گروپ میجر جنرل طاہر رسول بھٹہ کی قیادت میں ایس ایس جی کے سکائی ڈائیورز نے 10 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر ہر دل گرما دیا ۔ تقریب کے آخر میں ملی نغموں کی دھنوں پر پھولوں سے بچوں نے جذبہ حب الوطنی کو خوب جگایا۔ سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے ثقافتی ملبوسات پہنے اور قو می پرچم تھامے بچے پھولوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے میدان میں داخل ہوئے تو سب کے چہرے کھل اٹھے۔ تقریب میں چیئرمین سینٹ، سپیکرقومی اسمبلی ، وفاقی وزرا ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، سفیروں اور دیگر اعلی شخصیات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔ جبکہ یوم پاکستان پر مسلح افواج کے دستوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا، پاک بحریہ کے دستے مزار قائد پر پہنچے اور بابائے قوم مزار پر حاضری دی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلی قائم علی شاہ بھی سندھ کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضر ہوئے اور پھول چڑھائے۔ یوم پاکستان کے حوالے سے مزار اقبال پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی بیس کمانڈر لاہور ایئر کموڈور سلمان محبوب نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ یوم پاکستان کے حوالے سے کوئٹہ،پشاور، مظفر آباد،گلگت بلتستان اور فاٹا سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دریں اثنا ء یوم پاکستان کی مناسبت سے تقاریب کے لیے ملک بھر میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ جڑواں شہرو ں اسلام آباد اورراولپنڈی میں سہ پہر تین بجے تک موبائل فون سروس معطل رہی۔ یوم پاکستان کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پہلی بار موسیقی کا اہتمام کیا گیا جس میں راحت فتح علی خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، صوفی نائٹ امن کی موسیقی کے نام سے منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد عالمی سطح پر امن اور ہم آہنگی کا پیغام عام کرنا تھا۔یوم پاکستان کے حوالے سے بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں بھی پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیرکے حریت رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو قائد اعظم کے تصورات کے عین مطابق بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہمیشہ بہتر تعلقات کی کوشش کی اور اس کوشش کو جاری رکھا جائے گا ۔کشمیر سے متعلق عبدالباسط نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل ضروری ہے ،مسائل کے حل سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آئے گی ۔

اسلام آباد(آن لائن، خصوصی خبر نگا ر) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ارض پاک کی طرف اٹھنے والی کوئی میلی آنکھ سلامت نہیں رہ سکے گی۔ پا کستا ن ایک امن پسند ملک کی حیثیت سے دنیا کے تمام ممالک اور بالخصوص اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے لیکن ہماری طرف سے امن کی اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ واضح کرتا ہوں کہ جذبہ ایمان سے سرشار پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لئے ہمہ وقت تیار اور مستعد ہیں، 23مارچ ہماری نظریاتی پہچان کا دن ہے، دہشت گردی اورانتہاپسندی کی شکل میں نئے دشمن کا سامنا ہے،شمالی وزیرستان جلد دہشت گردوں سے پاک ہو جائے گا۔ وفا قی دارالحکو مت میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کے جری جوانوں کا حوصلہ اور آلات حرب کی نمائش آج کی پریڈ کی روح ہے جس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ افواج پاکستان پیشہ ورانہ اہلیت میں کسی سے کم نہیں اور دفاع وطن کے لئے ان کے جذبے پہاڑوں سے بھی بلند ہیں، یہ بانیان پاکستان کا آہنی عزم اورقوم کا بے مثال جذبہ تھا کہ جس کی قوت سے محض ایک قرارداد خیال سے حقیقت میں تبدیل ہوئی۔ مملکت خداداد پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور بے سرو سامانی کے عالم میں سفر شروع کرنے والا یہ ملک اقوام عالم میں اپنی حیثیت تسلیم کرانے میں کامیاب ہوا۔انھوں نے کہا کہ دشمن کا خیال تھا کہ یہ نوزائیدہ ملک زیادہ عرصے تک نہ چل سکے گا لیکن دنیا نے دیکھا کہ آج ایک مسلمہ ایٹمی طاقت ہونے کے ساتھ ساتھ روایتی دفاع کے معاملے میں بھی خود انحصاری کی منازل طے کر چکا ہے جس سے خطے میں دفاعی توازن بھی قائم ہوا ہے اور ہمارے اس عزم کا بھی اعادہ ہوا ہے کہ عالمی امن و سلامتی کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ہم یہ بھی واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہمارا اسلحہ و سازو سامان صرف دفاعی سلامتی کے لئے ہے، ہم کبھی ہتھیاروں کی دوڑ میں شریک ہوئے اور نہ ہوں گے لیکن مادر وطن کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے مسلح افواج کی ہر ضرورت پوری کی جائے گی کیونکہ اس عہد میں جدید سازو سامان سے لیس اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتبار سے مضبوط افواج اور بقا قوموں کی سلامتی کے لئے ناگزیر ہو چکی ہیں۔صدر پاکستان نے کہا کہ وطن عزیز کو دشمن کی جارحیت کا کئی بار سامنا کرنا پڑا جس کا ہمیشہ دندان شکن جواب دیا گیا لیکن آج دہشت گردی اور انتہا پسندی کی صورت میں ہمیں ایک نئے دشمن کا سامنا ہے جو ہماری سلامتی اور بقا ہی نہیں بلکہ ترقی کا راستہ بھی روک دینا چاہتا ہے لیکن پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے بے مثال قربانیاں دے کر اس محاذ پر شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ جس کے نتیجے میں شمالی وزیرستان میں آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، یہ علاقہ بہت جلد دہشت گردوں سے پاک ہو جائے گا لیکن ہماری منزل پورے پاکستان سے بدامنی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ آپریشن ضرب عضب اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری دہشت گرد کا صفایا نہیں ہو جاتا۔انھوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ان عظیم مقاصد کی یاد دلاتا ہے جن کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر قائدین نے یہ وطن حاصل کیا۔ آج ہمیں اس بات کا جائزہ بھی لینا ہے کہ وہ مقاصد کس حد تک پورے ہو سکے جن کے لئے پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا۔ ہمارے مسائل کی اہم وجہ میرٹ کی پامالی، نا انصافی، اقربا پروری اور قانون کے عدم احترام سمیت ایسی کئی دیگر معاشرتی برائیاں رہی ہیں جن کے سدباب کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -