ڈولفن فورس کے نئے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ آج چوہنگ میں ہو گی
لاہور(وقائع نگار) صوبائی دارالحکومت میں جرائم پر قابو پانے اور جائے وقوعہ پرفوری پہنچنے کے لیے بنائی گئی ڈولفن فورس کے نئے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ آج( بدھ کو) ہو گی ۔پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کے لئے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت کئی مقتدر شخصیات کو مدعو کیا گیاہے ۔ذرائع کے مطابق لاہور میں جرائم پیشہ افراد پر قابوپانے کے لیے بنائی گئی پولیس کی ڈولفن فورس کے نئے بیج کی پاسنگ آوٹ تقریب آج چوہنگ میں ہو گی جبکہ یہ فورس یکم اپریل کو اپنی ڈیوٹی پر آ جائے گی ۔ذرائع کے مطابق ڈولفن فورس کے جوان دو شفٹوں میں ڈیوٹی دیں گے، ان کا کام اپنے مقررہ علاقوں میں گشت کرنا اور جرم ہونے کی صورت میں فوری طور پر وہاں پہنچناہوگا ۔اس حوالے سے فورس کو قربان لائن میں ایک دفتر بھی دے دیا گیا ہے جہاں سے فورس کے جوانوں کی کمان سنبھالی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق آج ہونے والی ڈولفن فورس کے بیج کی پاسنگ آوٹ تقریب میں پولیس حکام نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت کئی مقتدر شخصیات کو مدعو کیا ہے ۔پاسنگ آوٹ تقریب میں ڈولفن فورس کے جوان شرکا کے سامنے اپنی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کر یں گے ۔
