مغربی ہواؤں کی نیا سلسلہ ،آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان
اسلام آباد (آن لائن) محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے روز بلوچستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بدھ رات سے بلوچستان میں داخل ہو گیا ۔ جمعرات کے روز کے پی کے ‘ فاٹا اور پنجاب تک پھیل جائے گا ۔جمعرات سے ہفتہ کے دوران فاٹا کے پی کے اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے اور جمعرات سے اتوار کے دوران اسلام آباد ‘ بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی جمعہ اور ہفتہ کے روز کشمیر گلگت بلتستان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں موسلا دھار بارش متوقع ہے جس کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوگی اس دوران بالائی پنجاب اور بالائی کے پی کے میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
