ملکی تاریخ میں پہلی بار خیبرپخونخوا میں اقلیتی برادری کے تہوار سرکاری سطح پر منائے جا رہے ہیں
پشاور( پاکستان نیوز)اقلیتی اُمور کے لیے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر سورن سنگھ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اقلیتوں کی فلاح وبہبود اور ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار خیبر پختونخوا میں اقلیتی برادری کے تہوار سرکاری سطح پر منائے جارہے ہیں ، وہ مردان میں ہندو والمک سبھا کے زیر اہتمام ہندو برادری کے مذہبی تہوار ہولی کے سلسلے میں اقلیتی برادری کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے چترال سے رکن صوبائی اسمبلی سعید سردار حسین اور والمک سبھا کے جنرل سیکرٹری راجیش کمار نے بھی خطاب کیا ۔ ڈاکٹر سورن سنگھ نے کہا کہ ہولی کا تہوار سچ اور جھوٹ کے مابین کشمکش میں حق اور سچ کی جیت کی خوشی میں منایا جاتا ہے اور رنگوں کے اس تہوار کے موقع پر بھائیوں کے مابین پیدا ہونے والے اختلافات ہولی کے رنگ میں اُڑائے جاتے ہیں یوں یہ تہوار نفرتوں کو مٹانے اور محبت کو پروان چڑھانے کا دوسرا نام ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت اقلیتوں کی فلاح کو اولیت دے رہی ہے صوبے کے ہر حصے میں اقلیتوں کی عبادتگاہوں ، رہائشی علاقوں ، شمشان گھاٹوں ، قبرستانوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک فراخ دلی سے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لیے فنڈز فراہم کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر سورن سنگھ نے کہا کہ ہماری حکومت نے ڈھائی سال کے اندر اتنا کام کیا ہے جس کی صوبے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور آئندہ ڈھائی سال میں اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے مزید کام کیے جائیں گے ۔اُنہوں نے یوم پاکستان پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور آج کھلے عام ہولی کا تہوار منانا اس آزادی کا واضح ثبوت ہے ،بعدازاں تقریب کے شرکاء نے ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر ہولی کا تہوار منایا۔
