پرویز مشرف ہزاروں معصوم افراد کا قاتل اور آئین شکن ہیں: مشتاق احمد
صوابی (بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پرویز مشرف ہزاروں معصوم لوگوں کا قاتل اور آئین شکن تھا۔ وفاقی حکومت نے مشرف کو باہر بھیج کر آئین اور عوام سے غداری کی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن آپس میں لڑنے کا ڈرامہ رچارہے ہیں۔ بظاہر سب اندر سے ملے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز قاضی آباد( سلیم خان )میں مسجد کے سنگ بنیاد کی افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق، امیر جماعت اسلامی ضلع صوابی محمود الحسن ، الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر سعید زادہ، ویلج ناظم سلیم خان عبدالسلام ایڈووکیٹ، تحصیل کونسلرز حاجی ریاض علی شاہ، مولانا امجد حسین، فاروق احمد ، غفار احمد، بریگیڈئیر(ر) ڈاکٹر لیاقت علی ، ریاض احمد، ملک گلزار حسین اور حاجی ارسلا خان نے بھی خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان اور نورالحق نے اس موقع پر مسجد کی سنگ بنیاد کا افتتاح بھی کیامشتاق احمد خان نے کہا کہ ملک میں آئین توڑنے والوں کے لئے کوئی قانون نہیں، قانون صرف غریبوں کے لئے ہے۔ ڈومیسٹک وائلنس بل عورتوں کے تحفظ کا نہیں بلکہ ان کی بربادی کا بل ہے۔ اس بل سے پاکستان کا خاندانی نظام تباہ ہوگا۔ سودی نظام ظلم اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ کا نظام ہے۔ دنیا میں انتشار کی وجہ سودی نظام ہے۔ ملک پر 70ارب ڈالر کاقرضہ ہے جبکہ حکمرانوں کے 375ارب ڈالر باہر کے بینکوں میں پڑے ہیں۔ یہ سارا پیسہ کرپشن کرکے باہر منتقل کیا گیاہے۔ حکمران مختلف حیلوں بہانوں سے عوام کی جیبوں سے پیسہ نکال کر اس پر حکومت چلاتے ہیں۔ کرپشن نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کسی کی جاگیر نہیں بلکہ یہ ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس میں جمہوریت ہے۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر کسی کے لئے کھلے ہیں۔ جو پارٹیاں خود کرپشن میں ملوث ہیں وہ کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کرسکتیں۔ جماعت اسلامی کرپشن سے پاک ہے اور جماعت اسلامی ہی کرپٹ حکمرانوں اور اشرافیہ کا کڑا احتساب کرے گی۔ جماعت اسلامی مساجد ، مدارس ، اسلام اور شعائر اسلام کی محافظ جماعت ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تمام مذہبی جماعتوں کے قائدین کو سود، ڈومیسٹک وائلنس بل کے خلاف جنگ اور قانون تحفظ ناموس رسالت ﷺ کی حفاظت کے لئے مل کر جدوجہد کرنے پر متفق کیا ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام نافذ کرے گی۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف بگٹی سمیت لال مسجد اور جامعہ حفصہ کے ہزاروں بچیوں کا قاتل تھا۔ مشرف نے دو دفعہ آئین معطل کیا اور ایمرجنسی نافذ کی لیکن تمام جرائم کے باوجود حکومت نے انہیں باعزت طور پر باہر بھجوادیا۔ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں قانون صرف غریب لوگوں کے لئے ہے۔ اشرافیہ اور بڑے مگرمچھ قانون سے بالاتر ہیں۔وفاقی حکومت نے مشرف کو بھیج کر آئین اور پاکستانی عوام سے غداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک وائلنس بل سے خاندانی نظام تباہی سے دوچار ہوگا۔ اس بل کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ بہاولپور میں خاتون کو طلاق ڈومیسٹک وائلنس بل کے ثمرات کی ابتدا ہے۔ حکومت قرآن و سنت سے متصادم بل کو فوری طور پر ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک سے سود ،کرپشن اور کرپٹ اشرافیہ کے خلاف میدان میں ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تمام مذہبی جماعتوں کو مل کر سود کے خلاف جنگ ، ڈومیسٹک وائلنس بل کی واپسی اور قانون تحفظ ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے متحد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ کرپٹ حکمرانوں کا احتساب صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے۔ جماعت اسلامی چوروں، لٹیروں اور ڈاکوؤں کو پکڑ کر ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لائے گی اور پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنا کر دم لے گی۔
