پوری قوم کو ذمہ داری ادا کرنی ہو گی ،17جج پورے ملک کو ٹھیک نہیں کر سکتے :جسٹس امیر مانی مسلم
کراچی(آن لائن)سپریم کورٹ کے جج جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا ہے کہ پوری قوم کو ذمہ داری ادا کرنی ہوگی یہ نہ سمجھیں کہ 17 جج پورے ملک کو ٹھیک کرلیں گے۔وہ کراچی میں یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر خطاب کررہے تھے ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی میں یوم پاکستان کے موقع پر جسٹس امیر ہانی مسلم کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے خود کو ٹھیک کرنا ہوگا ، ہم چاہتے ہیں کہ خود ٹھیک نہ ہوں لیکن معاملات ٹھیک ہوجائیں۔ 17 ججز ملک کو سدھار لیں گے یہ سوچنا زیادتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کمزوری تعلیمی معیار کا خراب ہونا ہے۔ شہریوں کو انصاف صرف عدالت میں نہیں بلکہ ہر جگہ ملنا چاہِے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں سے چھوٹے سے چھوٹے لاکھوں کیسز سپریم کورٹ میں آتے ہیں جنہیں حل کرنا مشکل ہے۔ لوگ خود کو ٹھیک کرلیں تو عدالت آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
