بھارت ’’پاک چین اقتصادی راہداری ‘‘ کو ناکام بنانے کیلئے کام کر رہا ہے ،گرفتار بھارتی ’’خفیہ کمانڈر ‘‘نے تفتیش میں سب اُگل دیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو نے تفتیش کے دوران سب کچھ ’اگل‘ دیا ہے ،اس کے مشن میں ایک مشن پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانا بھی تھا ۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کامران خان نے انکشاف کیاہے کہ کل بھوشن یادیو بلوچستان میں علیحدگی پسند تنظیموں اور کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ کرتا تھا جبکہ اس کا سب سے بڑا مشن پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنا نا تھا جس کیلئے وہ بھر پور کام کر رہا تھا اور اس نے اس کیلئے ایک نیٹ ورک بھی تشکیل دیدیا تھا جس کے بارے میں آئی ایس آئی نے تمام معلومات حاصل کر لیں ہیں اور جلد ہی ان کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا ۔
کامران خان کا کہناتھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ ممبئی کے علاقے سلوا وک پوائی ہیرا نندی گارڈنز کے فلیٹ نمبر 502بی میں رہائش پذیر ہے ،اس کا اصلی نام کل بھوشن یادیو ہے جبکہ یہ پاکستان میں ’حسین مبارک پٹیل ‘کے فرضی نام سے کا م کرہا تھا ۔کامران خان کا کہناتھا کہ کل بھوشن یادیو نے 1991میں بھارتی نیوی میں ملازمت اختیار کی ،پہلے وہ نیول انٹیلی جنس میں گیا اور وہاں سے اسے را میں بھیج دیا گیا ۔
’را‘ کے کمانڈر نے تفتیش کے دوران بلوچستان اور کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کرنے کیلئے کام کرنے کا بھی اعتراف کیاہے ۔بھارتی ایجنٹ کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی نے کامیاب کارروائی کے بعد گرفتا ر کیا اور اسے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا جہاں تفتیش کے دوران اس نے اپنے تمام منصوبوں اور کارروائیوں کے بارے میں اگل دیاہے۔