شام کے شہر الرقہ میں تازہ دم 100 امریکی سپاہی اتاردیئے گئے

شام کے شہر الرقہ میں تازہ دم 100 امریکی سپاہی اتاردیئے گئے

دمشق(این این آئی)شام میں شدت پسند گروپ ’داعش‘ کے دارالحکومت قرار دیے جانے والے الرقہ شہر میں امریکی فوج کے تازہ دستے اتاردیئے گئے ،ادھر امریکی فوجیوں نے شامی اپوزیشن کی ڈیموکریٹک فورسز کی معاونت سے حلب اور الرقہ کیدرمیان سپلائی لائن کاٹ دی ۔میدیارپورٹس کے مطابق امریکی انفنٹری(پیادہ) فوج کے 100 تربیت یافتہ سپاہیوں کو الرقہ کے نواحی علاقوں ابو ھریرہ، المشیرفہ، الکرین اور المحیمہ میں فضاء سے اتارا گیا۔ادھر امریکی فوجیوں نے شامی اپوزیشن کی ڈیموکریٹک فورسز کی معاونت سے حلب اور الرقہ کیدرمیان سپلائی لائن کاٹ دی ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ کرد ملیشیا حمایی الشعب نے اپنے جنگجوؤں کو جعبر کے مقام سے کشتیوں کے ذریعے پہنچانا شروع کیے ۔

درایں اثناء سیرین ڈیموکریٹک فورسز کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکا کی قیادت میں عالمی اتحادی فوج کے اہلکاروں کی نفری الرقہ میں اتاری گئی ہے تاکہ داعش کے خلاف جاری آپریشن کو مزید وسعت دی جاسکے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اتحادی فوجیوں کے اتارے جانے کا مقصد دریائے فرات کے کنارے اور اس کے بالمقابل کے ان علاقوں پر اپنا کنٹرول مضبوط بنایا جاسکے جو حالیہ کارروائیوں کے دوران داعش سے چھینے گئے ۔امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کا کہنا تھا کہ الرقہ کے تزویراتی علاقے پر کنٹرول اور فرات ڈیم پر قبضے کے لیے اپوزیشن فورسز کو امریکی توپخانے کی بھرپور مدد فراہم کی جائے گی۔وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادی الرقہ میں داعش کے خلاف برسرپیکار ڈیموکریٹک فورسز کو فضائی مدد فراہم کریں گے۔ ترجمان کے مطابق امریکی فضائیہ شامی ڈیموکریٹک فورسز کے جنگجوؤں کو الطبقہ ڈیم پر قبضے کے لیے ان کی منتقلی میں مدد کررہی ہے۔

مزید : عالمی منظر