گرین ٹاؤن کا گندا نالہ تجارتی مرکز بن گیا،دکانیں اور ہوٹل قائم

گرین ٹاؤن کا گندا نالہ تجارتی مرکز بن گیا،دکانیں اور ہوٹل قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (اقبال بھٹی)ٹاؤن شپ اور گرین ٹا ؤ ن (قائد اعظم ٹاؤن)میں گندے نالے پر ناجائز تجاوزات کی بھر مار،پیکو روڈ سے لے کر کالج روڈ تک قائد اعظم ٹاؤن کی حدود میں لوگوں نے دکانیں ،ورکشاپس اور مکان تعمیر کر رکھے ہیں،جس کی وجہ سے گندے نالے کے ساتھ سڑکیں بھی تنگ ہو گئی ہیں جبکہ ایل ڈی اے انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹاؤن میں گندے نالے پر ناجائز تعمیرات سے پورے علاقے کے لوگ پریشان ہیں کالج روڈ سے لے کر پیکو روڈ تک نالے پر دکانیں ورکشاپس اور مکانات تعمیر کئے گئے ہیں جوکہ سرا سر قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹاؤن میں ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے دور میں گندے نالے پر کسی قسم کی کوئی ناجائز تعمیر نہیں تھی اور جب ایل ڈی اے نے 1994ء میں قائد اعظم ٹاؤن کا چارج لیا تو اس کے بعد گندے نالے پر تعمیرات کا آغاز ہوا جو کہ کالج روڈ سے لے کر پیکو روڈ تک پھیل چکا ہے۔تعمیراتی قوانین کے مطابق گندے نالے پر کسی قسم کی تعمیر کی اجازت نہیں ہے کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اور آبادی کے بڑھنے کی وجہ سے گندے نالے کی چوڑائی میں بھی اضافہ کرنا پڑتا ہے جو کہ تعمیرات کی وجہ سے ناممکن ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دکانیں ورکشاپس اور مکان بن جانے سے سڑکیں بھی تنگ ہو جاتی ہیں جس سے ٹریفک متاثر ہوتی ہے اس حوالے سے جب ایل ڈی اے قائد اعظم ٹاؤن ڈائریکٹوریٹ (ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ) کے افسران سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی پچھلے تین ماہ سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کلین اَپ کررہی ہے اور قائد اعظم ٹاؤن کے گندے نالے پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاق کارروائی بھی ایجنڈے میں شامل ہے مگر ان میں سے کچھ لوگوں نے عدالت سے رجوع کررکھا ہے ۔عدالت سے جیسے ہی آرڈر ملتا ہے تو فوری طور پر غیر قانونی تعمیرات ختم کردی جائیں گی۔