یوم پاکستان پر عام تعطیل کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا

یوم پاکستان پر عام تعطیل کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا

لاہور )کامرس رپورٹر( یو م پاکستان کے موقع پر بھی ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔ بجلی کی طلب میں اضافہ کے باعث اور پیداوار میں کمی کے باعث بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث یوم پاکستان کے موقع پر بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا بلکہ عام تعطیل کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا ۔ ملک میں رات کو بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جو پہلے بند تھا ۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث پنکھوں کا استعمال شروع ہو گیا ہے جس سے طلب میں اضافہ کا رجحان ہے۔ دوسری جانب ملکی ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ انتہائی کم رہ جانے کے باعث پانی کے اخراج میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے جس کی و جہ سے ہائیڈل کی پیداوار کم ہو کر ایک ہزار میگا و اٹ کی سطح سے بھی کم پر آ گئی ہے ۔ پیداوار میں کمی اور طلب میں اضافہ کے باعث شارٹ فال بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں دو سے چار گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے پہلے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق شہروں میں چار گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی ۔لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کے علاوہ رات کو لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی ایک بار پھر شروع کر دیا گیا ہے ۔ آج ملک میں معمول کی سرگرمیاں شروع ہو گئیں جس سے طلب میں مزید اضافہ ہو گا ۔

مزید : علاقائی