گنڈا سنگھ بارڈر: پرچم کشائی تقریب پاکستان زندہ باد نعروں سے گونج اٹھی
قصور(بیورورپورٹ)گنڈا سنگھ بارڈر پر پاکستان اور بھارت کے سرحدی محافظوں کی جانب سے پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران یوم پاکستان کی مناسبت سے فضا فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ تقریب میں آنیوالے مہمانوں کا جذبہ دیدنی تھا جبکہ رینجر کے جوان جوش و جذبہ سے پریڈ کرکے پاکستانیوں کے خون کوگرماتے رہے۔تفصیلات کے مطابق بارڈ ر گنڈا سنگھ والا میں جوائنٹ پریڈ پر مہمانوں کا تاریخی رش تھا جس میں بزرگوں، عورتوں،بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل رضوان بشیرکی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز بیر احمدکی زیر نگرانی مہمانوں کو تمام سہولتیں فراہم کی گئیں ،پریڈ کے دوران پاکستان ،قائد اعظم ؒ زندہ آباد ،پاک آرمی اور رینجر کے حق میں نعرہ بازی ہوتی رہی۔پریڈ کرنیوالے رینجر کے جوانوں کے جذبہ نے عوام کے خون کو گرمادیا۔ وطن کی محبت سے سرشار دور درازعلاقوں سے آئے مہمان اور مقامی لوگ ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالتے رہے، رینجر کے بہترین سکیورٹی انتظامات کے باعث نظم و ضبط کاشاندار مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملا اور پریڈ میں شریک ہر شخص اس سے محظوظ ہواجبکہ جذبہ بھی قابل تحسین تھا۔ فضاء پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونجتی رہی۔