ٹاسک فورس کے تین مقامات پر چھاپے‘ لاکھوں روپے کی گیس چوری پکڑ ی گئی

ٹاسک فورس کے تین مقامات پر چھاپے‘ لاکھوں روپے کی گیس چوری پکڑ ی گئی

لاہور(خبرنگار) سوئی گیس کمپنی کی ٹاسک فورس نے شہر کے تین مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران ایک جعلی بائی پاس اور دو گھریلو میٹروں سے لاکھوں روپے ماہانہ کی گیس چوری پکڑ لی ۔ جی ایم سوئی گیس قیصر مسعود کے مطابق پاک عرب سوسائٹی میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے خفیہ اطلاع ملی جس کے بعد چیف انجینئر عمران الطاف ساہی کی نگرانی میں ٹیم نے خفیہ طریقہ سے مانیٹرنگ کی تو سوسائٹی کے مالکان نے 350 فٹ لمبی گیس کی لائنیں جعلی طریقہ سے بچھا رکھی تھیں اور سینکڑوں مکینوں کو بوگس طریقہ سے گیس کی سپلائی دی جا رہی تھی۔ جعلی طریقہ سے بچھائی جانے والی لائنوں کو اکھاڑ کر قبضہ میں لے لیا گیا ہے اور سپلائی لائنوں کے ساتھ پلاسٹک کے زیر زمین پائپ کو بھی قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اسی طرح جی ٹی روڈسلامت پورہ میں چھاپہ مارا تو گھریلو میٹر کے ذریعے گیس چوری کرکے موٹر سائیکلز کے ایئر فلٹر بنانے والی فیکٹری کو گیس دی جارہی تھی ٹیم نے میٹر اتار کر کنکشن منقطع کردیا، رنگ روڈ کرول گھاٹی میں چھاپہ مارا تو ایک گھریلو میٹر کے ذریعے 7گھروں کو گیس دینے والا نیٹ ورک چلایا جارہاتھا ٹیم نے یہاں بھی میٹر اتار کر کنکشن منقطع کردیا۔ تینوں جگہوں پر گیس چوری کے ذریعے کمپنی کو سالانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا جس کا خاتمہ کردیا گیا۔

گیس چوری

مزید : علاقائی