گورنر پنجا ب نے 23شخصیات کو صدرِ پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈز دئے

گورنر پنجا ب نے 23شخصیات کو صدرِ پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈز دئے

لاہور ( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے یوم پاکستان کے موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کاکردگی پر 23شخصیات کو صدرِ پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈز دئے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد کی گئی اس تقریب اعزازات میں 5شخصیات کو ستارۂ امتیاز، 10 کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور 8 کو تمغۂ امتیاز عطا کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزرا، اہم سیاسی شخصیات، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر)زاہد سعید،آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا ، مختلف شعبوں سے وابستہ اہم شخصیات اور ایوارڈز حاصل کرنے والے معزز مہمانوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔تقریب میں تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، طب، ریاضی، علم و ادب، سماجی خدمات، فنون لطیفہ، خدماتِ عامہ اور موسیقی کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے والوں میں سول ایوارڈز تقسیم کیے گئے ۔ تقریب میں جن شخصیات کو ستارۂ امتیاز عطا کیا گیا ا ن میں ڈاکٹر محمد اقبال ، ڈاکٹر محمد اسلم نور، ڈاکٹرعیس محمد ، مستنصر حسین تارڑ اور عارف سعید شامل ہیں۔ صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر محمد اشرف طاہر، عبدالمجید اظہر ، ڈاکٹر ابو بکر شاہد، سرمد سلطان، راشد محمود، جاوید اقبال، استاد اشرف شریف، محمد زاہد مسعود، امر الہیٰ المعروف روحی کنجاہی اور محمد شفیع شاکر شجاع آبادی شامل ہیں۔ تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والی شخصیات میں عاطف عنایت، نوید اشتیاق، نذیر عامر(مرحوم) پروین ملک، محمد جلیل عالی، شہباز حسین، لیاقت علی وڑائچ اور تنویرالاسلام خواجہ(مرحوم) شامل ہیں۔دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ادب کے شعبے سے وابستہ محمد شفیع شاکر شجاع آبادی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ شاکر شجاع آبادی جیسے شاعر ہمارا سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنے خوبصورت کلام کے ذریعے نہ صرف سرائیکی کلچر کو دنیا بھر میں متعارف کرایا بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کیا، میرے لئے شاکر جیسی شخصیت کو ایوارڈ دینا خود ایک ایوارڈ ہے۔ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ میں شاکرشجاع آبادی کے بیٹے کو روزگار کی فراہمی کے لیے ذاتی طور پر وزیر اعظم سے بات کروں گا ۔ اس موقع پر شجاع آبادی نے کہا کہ حکومتی اعتراف ان کے لیے باعث اطمینان ہے اور وہ اس امر پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی شاعری اور تحریروں کے ذریعے پاکستانی عوام کے جذبات و احساسات کی نمائندگی کی ہے۔

سول ایوارڈز

مزید : کراچی صفحہ اول